فلم ’’چلے تھے ساتھ ساتھ‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا

شوبز رپورٹر  جمعـء 10 مارچ 2017
یہ ایک فلم ہی نہیں انڈسٹری کی بحالی کا ذریعہ بھی ثابت ہوگی،ہدایتکارعمر عادل۔ فوٹو : فائل

یہ ایک فلم ہی نہیں انڈسٹری کی بحالی کا ذریعہ بھی ثابت ہوگی،ہدایتکارعمر عادل۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  پاکستانی فلم’’ چلے تھے ساتھ‘‘ 21اپریل کو ملک بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی گزشتہ روز فلم کا ٹریلر لانچ کردیا گیا۔

گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہدایتکار سید نور، اداکار وہدایتکار جاوید شیخ ، مومل شیخ ، ژالے سرحدی، سائرہ شہروز، منشا پاشہ ودیگر شوبز سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلم کے پروڈیوسر شیراز مبشرنے کہا کہ فلم کی رونمائی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کی جائی گی، فلم کی کہانی رومانوی ہے جو ڈاکٹر ریشم کے گردگھومتی ہے اور وہ اپنی دوست کے ہمراہ گلگت بلتستان علاقے کے دورے پر آئی ہوئی ہے۔

شیراز مبشر نے مزید کہا کہ فلم میں پاک چین تعلقات کو ایک خاص حدتک دکھانے کی کوشش کی گئی ہے جس سے دنیا کو دونوں ملکوں کے درمیان خاص روابط کو محسوس کرنے اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔ فلم کی کاسٹ میں سائرہ شہروز، کینٹ ایس لیونگ، بہروز سبزواری، منشا پاشا، ڑالے سرحدی، شمیم ہلالی، اسامہ طاہر، فارس خالد اور شیرباز کلیم شامل ہیں۔

دوسری جانب پروڈیوسر بینش عمر کا کہنا تھا کہ ’’چلے تھے ساتھ‘‘ کی کہانی ہر اک انسان کی زندگی کی کہانی ہے، امید ہے جس طرح لوگوں نے ٹریلرپسند کیا فلم بھی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔

ہدایت کار عمر عادل نے کہاکہ فلم میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ایکٹر کینٹ ایس لیونگ، سائرہ شیروزاور منشا پاشا جیسے ستاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے یہ صرف ایک فلم ہی نہیں بلکہ فلم انڈسٹری کی بحالی کا ایک ذریعہ ثابت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔