جزئیات سے بھرپور چھوٹی عمارتیں بنانے والا فنکار

ویب ڈیسک  پير 20 مارچ 2017
جوشوا اسمتھ اپنی نئی تخلیق کے ساتھ ، یہ عمارت انہوں نے ہانگ کانگ میں دیکھی تھی۔ فوٹو: بشکریہ جوشوا فیس بک پیج

جوشوا اسمتھ اپنی نئی تخلیق کے ساتھ ، یہ عمارت انہوں نے ہانگ کانگ میں دیکھی تھی۔ فوٹو: بشکریہ جوشوا فیس بک پیج

ایڈیلیڈ: جنوبی آسٹریلیا کے ایک محنتی اور باریک بین فنکار بڑی عمارتوں اور گھر کے ایسے چھوٹے ماڈلز بناتے ہیں جنہیں دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

جوشوا اسمتھ اپنے شاہکار فن پاروں کی نمائشیں لندن، پیرس، برلن اور ہانگ کانگ میں کرچکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ بالکل نئی عمارتیں نہیں بناتے بلکہ سال خوردہ اور بوسیدہ گھر اور اس سے وابستہ اشیا کے چھوٹے ماڈل بناتے ہیں جو ان کے فن میں ایک نیا عنصر شامل کرتے ہیں۔

جوشوا نے اسٹینسل آرٹسٹ سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور اس کے بعد انہوں نے کچھ نیا کرنے کی دھن میں منی ایچر (چھوٹی) عمارتیں اور شاہکار نمونے بنانے شروع کئے۔ انہوں نے یہ کام خود اپنی محنت اور تجربے سے سیکھا ہے۔ وہ زنگ آلود اور پرانی عمارتوں کو دیکھتے ہیں اور ان کی ہوبہو نقل تیار کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ گھر میں رکھے باریک اور چھوٹے برتن اور پھل تک بناتے ہیں۔ اسی طرح بجلی کے کھمبے اور پوسٹر تک ہوبہو ویسے ہی چھاپتے ہیں۔

نیچے دکھائی دینے والی پرانی بلڈنگ انہوں نے ہانگ کانگ میں دیکھی تھی اور اسے حقیقت کا روپ دینے کے لیے دن رات ایک کردیا ۔ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ ان کے ماڈلوں میں شہری زندگی کے قدرے تاریک پہلو دیکھیں۔ نمونے کی چند تصاویر قارئین اور ناظرین کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔ کہیں آپ ان اشیا کا تقابل اور موازنہ بھی کرسکتے ہیں.

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔