آسٹریلوی بیٹسمین بھارتی فتح کے سامنے چٹان بن گئے

اسپورٹس ڈیسک  پير 20 مارچ 2017
پیٹر ہینڈز کومب اور شان مارش کی بھرپور مزاحمت کے باعث بھارت کی میچ میں فتح کا خواب پورا نہ ہو سکا . فوٹو : اے پی

پیٹر ہینڈز کومب اور شان مارش کی بھرپور مزاحمت کے باعث بھارت کی میچ میں فتح کا خواب پورا نہ ہو سکا . فوٹو : اے پی

رانچی: آسٹریلیا اور بھارت کے مابین تیسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا جب کہ کھیل کے آخری روز آسٹریلیا نے 6 وکٹ پر 204 رنز بنائے، پیٹر ہینڈز کومب اور شان مارش کی بھرپور مزاحمت کے باعث بھارت کی میچ میں فتح کا خواب پورا نہ ہو سکا۔

جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم کمپلیکس میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری روز 2 وکٹ پر 23 رنز سے میٹ رنشا اور اسٹیو اسمتھ نے اننگز کا آغاز کیا، آسٹریلوی بیٹسمینوں نے بھارتی فتح کو ڈرا میں بدلنے کیلیے بھرپور مزاحمت کی اور کینگروز نے آخری روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :بھارتی پلیئرز بھی ریفرل سسٹم کا ’گُر‘ سیکھنے لگے

پیٹر ہینڈز کومب 200 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 72 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ شان مارش نے 197 گیندوں پر 7 چوکے لگا کر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسٹیون اسمتھ نے 68 گیندوں پر 21 رنز بنائے جب کہ میٹ رنشا نے 15 رنز اسکور کرنے کیلیے 84 گیندوں کا سامنا کیا۔ میتھیو ویڈ 16 گیندوں پر 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا نے 4 جب کہ روی چندرن ایشون اور اشانت شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈبل سنچری بنانے والے چتیشور پجارا مین آف دی میچ قرار پائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :بھارت نے آسٹریلیا کو رنز کے انبار تلے دبا دیا

اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 451 رنز کے جواب میں 9 وکٹ پر 603 رنز بناتے ہوئے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ چتیشور پجارا نے شاندار ڈبل سنچری اور وردھمان ساہا نے سنچری اسکور کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔