’’صدام حسین‘‘ کو اپنے نام کی بھاری قیمت چکانی پڑ گئی

ویب ڈیسک  پير 20 مارچ 2017
نوجوان کو نام کی بنا پر 40 سے زائد مرتبہ نوکری کے لیے نااہل قرار دیا گیا، فوٹو؛ بھارتی میڈیا

نوجوان کو نام کی بنا پر 40 سے زائد مرتبہ نوکری کے لیے نااہل قرار دیا گیا، فوٹو؛ بھارتی میڈیا

جمشید پور: بھارتی شہری کو عراق کے سابق صدر صدام حسین کے ہمنام ہونے کی وجہ سے 40 سے زائد مرتبہ نوکری کے لیے انٹرویو میں ناکام قرار دیا گیا جس کے بعد اس نے عدالت سے رجوع کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے شہر جمشید پور کے رہائشی نے اپنے پوتے کا نام عراق کے سابق صدر ’’صدام حسین‘‘ کے نام پر رکھا لیکن اسی نام کی بنا پر 25 سال بعد لڑکے کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ صدام حسین نامی یہ نوجوان تامل ناڈو میں نورالسلام یونیورسٹی سے میرین انجینئر بننے کے 2 سال بعد بھی نوکری سے محروم رہا، ڈگری لینے کے بعد سے وہ اب تک 40 سے زائد مرتبہ انٹریو دے چکا ہے لیکن ہر بار اسے نام کی بنا پر مسترد کردیا جاتا ہے۔

میرین انجینئر صدام حسین کا کہنا ہے کہ مجھے صرف میرے نام کی وجہ سے نوکری نہیں دی جاتی کیوں کہ لوگ میرے نام سے خوفزدہ ہوتے ہیں جب کہ میرے تمام فیلوز کو نوکریاں مل چکی ہیں لیکن یونیورسٹی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے باوجود میں اب تک نوکری سے محروم ہوں۔ انہوں نے کہا تعلیم مکمل ہونے کے 6 ماہ بعد تک مجھے اندازہ نہیں ہوا کہ کیوں ہر انٹرویو میں مجھے مسترد کردیا جاتا ہے تاہم کچھ کمپنیوں سے بات کرنے پر مجھے بتایا گیا کہ آپ کے نام میں مسئلہ ہے کیوں کہ اگر کام کے سلسلے میں آپ کو بیرون ملک بھیجا جائے تو بین الاقوامی سرحدوں پر امیگریشن حکام کے ساتھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے انجینئر صدام حسین نے اپنا نام تبدیل کرکے نیا نام ساجد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے اس نے عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے، عدالتی کارروائی کے بعد صدام حسین نیا پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر کاغذات بنوا سکتا ہے تاہم اس کے لیے اسے اپنی تمام تعلیمی ڈگریوں میں نام تبدیل کروانے سمیت دیگر مراحل سے بھی گزرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔