اسپاٹ فکسنگ کیس، ٹریبیونل ابتدائی سماعت جمعے کو کرے گا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 21 مارچ 2017
دونوں نے الزامات تسلیم نہ کیے تو ان کا کیس بھی ٹریبیونل کے سامنے پیش ہوگا۔ فوٹو: فائل

دونوں نے الزامات تسلیم نہ کیے تو ان کا کیس بھی ٹریبیونل کے سامنے پیش ہوگا۔ فوٹو: فائل

لاہور:  پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات کیلیے قائم ٹریبیونل ابتدائی سماعت جمعے کو کرے گا تاہم شرجیل خان، خالد لطیف اور پی سی بی کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے ساتھ ہوا، معطل کرکے واپس پاکستان بھجوائے جانے والے شرجیل خان اور خالد لطیف کو چارج شیٹ جاری کی گئی،دونوں کرکٹرز الزامات کا اقرار کر لیتے تو پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی سزائیں سنا دیتی لیکن انکار پر کیس کی سماعت کیلیے جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سربراہی میں ٹریبیونل قائم کردیا گیا، دیگر ارکان سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیا اور سابق کپتان وسیم باری ہیں۔

طے شدہ طریقہ کار کے تحت فریقین پی سی بی اور دونوں کرکٹرز کو ابتدائی سماعت کیلیے جمعے کو پیش ہونے کے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں،اس موقع پر مستقبل کے لائحہ عمل و اگلی کارروائی کیلیے تاریخ کا بھی اعلان کیا جائے گا، ٹریبیونل اس موقع پر بورڈ کو شرجیل خان اور خالد لطیف کیخلاف الزامات بمعہ ثبوت پیش کرنے کا حکم دے گا جس کی بنیاد پر کرکٹرز کو مقررہ وقت میں جواب دینے کی ہدایت دی جائے گی، اس کے بعد سماعت کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا، اگر ٹریبیونل بھی کھلاڑیوں کے موقف سے مطمئن نہ ہوا تو سزا یقینی ہے۔

یاد رہے کہ چارج شیٹ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی جن خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہوئی ان کو پیش نظر رکھتے ہوئے 5 سال سے تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب اسی اسکینڈل کے مزید 2کرداروں محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو بھی چارج شیٹ جاری ہوچکی ہے، دونوں نے الزامات تسلیم نہ کیے تو ان کا کیس بھی ٹریبیونل کے سامنے پیش ہوگا۔

علاوہ ازیں پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ یا لیگل ڈپارٹمنٹ کسی بھی ثبوت کو خفیہ رکھنے کا پابند نہیں ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔