کیربر نے سرینا ولیمز کی بادشاہت ختم کردی، ٹینس رینکنگ جاری

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  منگل 21 مارچ 2017
مینزمیں فیڈرر نے چھٹی پوزیشن حاصل کرلی، نڈال کی تنزلی۔ فوٹو: رائٹرز

مینزمیں فیڈرر نے چھٹی پوزیشن حاصل کرلی، نڈال کی تنزلی۔ فوٹو: رائٹرز

پیرس: اینجلیک کیربر نے ویمنز ٹینس رینکنگ میں سرینا ولیمز کی بادشاہت ختم کردی۔

اینجلیک کیربر نے ویمنز ٹینس رینکنگ میں سرینا ولیمز کی بادشاہت ختم کردی، جرمن اسٹار اگرچہ انڈین ویلز میں چوتھے راؤنڈ سے رخصت ہوگئی تھیں لیکن ایونٹ میں سرینا کی عدم شرکت پر ان کا نئی رینکنگ میں نمبرون بن جانا یقینی ہوگیا تھا، لہذا پیر کو جاری ہونے والی عالمی درجہ بندی میں اس پر مہر تصدیق ثبت کردی گئی۔

علاوہ ازیں کیرولینا پلسکووا بدستور تیسرے نمبر پر رہیں، سیمونا ہالیپ کی چوتھی پوزیشن ڈومنیکا سبولکووا نے چھین لی، رومانیہ کی کھلاڑی کو تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر جانا پڑگیا، گاربین مگروزا بھی ایک درجہ بہتری ملنے پر چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں، سویٹلانا کزنٹسووا نے ایک قدم آگے بڑھ کر ساتواں نمبر حاصل کرلیا، اگنیسکا ریڈوانسکا 2 درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلی گئیں، میڈیسن کیز 9 اور الینا سویٹولینا ٹاپ ٹین کی آخری شریک بنی رہیں، برطانوی اسٹار جوہانا کونٹا نے 11ویں پوزیشن پر قدم جمائے رکھے، وینس ولیمز ایک درجے بہتری ملنے پر 12ویں نمبر پر فائز ہوگئیں، انڈین ویلز کی فاتح الینا ویسنینا نے 2 درجے ترقی کے بعد 13ویں پوزیشن پالی، کیرولین ووزنیاسکی حسب سابق 14ویں نمبر پر ہیں، پیٹرا کیوٹوا 3 قدم پیچھے ہٹنے کے بعد 15ویں نمبر پر چلی گئیں، ٹیمیا بیزینسکی نے 16ویں پوزیشن برقرار رکھی، اناستاسیا پاولیچنکووا نے 4 درجے بہتری ملنے پر 17واں نمبر پایا، کرسٹینا میلڈینووک نے 18ویں پوزیشن پائی، انھیں 8 درجے ترقی ملی، سمانتھا اسٹوسر ایک قدم آگے بڑھ کر 19ویں نمبر پر آگئیں، باربورا اسٹرائیکوا ایک درجے تنزلی کے باوجود ٹاپ 20 کی آخری شریک بنی رہیں۔

دوسری جانب مینز سنگلز رینکنگ میں انڈین ویلز کے فاتح راجرفیڈرر نے 4 درجے بہتری پاکر چھٹی پوزیشن پر قدم رکھ دیے، اینڈی مرے ، نووک جوکووک اور اسٹینسلس واورنیکا نے ٹاپ تھری پوزیشنز برقرار رکھیں، کائی نیشکوری نے ایک قدم آگے بڑھ کرچوتھی پوزیشن سنبھال لی، ان کیلیے میلوس راؤنک کو جگہ خالی کرنا پڑی اور وہ پانچویں نمبرپرچلے گئے، رافیل نڈال ایک درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے، ڈومنیک تھیم نے ترقی کا ایک زینہ طے کرکے آٹھواں نمبر حاصل کرلیا، کروشیا کے مارن کلک 2 درجے تنزلی پرنویں نمبرپرچلے گئے، جوئے ولفریڈ سونگا 10ویں نمبرپر ہیں، انھیں بھی 2 قدم پیچھے ہٹنا پڑا، گیل مونفلز 11، ڈیوڈ گوفن 12، گریگور دیمیتروف 13، ٹوماس بریڈیچ 14، لوکاس پاؤلی 15 اور نک کریگوئس پہلے کی طرح 16ویں نمبروں پر رہے، جیک سوک نے ایک درجے ترقی پاکر 17واں نمبر حاصل کرلیا، روبرٹو بوٹسٹا ایک درجہ تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر چلے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔