کراچی کے سفاری پارک میں رینجرز کی کارروائی، بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

ویب ڈیسک  منگل 21 مارچ 2017
اطلاع ملی تھی کہ ایم کیو ایم لندن کےمحمد انوراورانبساط ملک نےگو ایش پارک میں اسلحہ چھپارکھا ہے، ترجمان سندھ رینجرز، فوٹو؛ پی پی آئی

اطلاع ملی تھی کہ ایم کیو ایم لندن کےمحمد انوراورانبساط ملک نےگو ایش پارک میں اسلحہ چھپارکھا ہے، ترجمان سندھ رینجرز، فوٹو؛ پی پی آئی

 کراچی: رینجرز نے کارروائی کے دوران کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے سفاری پارک سے متصل ایڈوینچر پارک میں چھپایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے خفیہ اطلاع پر یونی ورسٹی روڈ پر سفاری پارک سے متصل گو ایش ایڈوینچر پارک میں کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں چھپایا گیا جدید اسلحہ برآمد کرلیا، رینجرز اہلکار تالے کاٹ کر سفاری پارک میں داخل ہوئے، پارک کے اندر گوایش ایڈوانچر پارک کے ٹکٹ کاؤنٹر کے کمرے میں بوریاں پڑی ہوئی تھی جب ان بوریوں کو کھول کر دیکھا تو اس میں سے بڑی تعداد میں اسلحہ تھا جس میں اے کے 47، دستی بم، ٹی ٹی ، بارودی مواد سمیت بھاری تعداد میں گولیوں کے ڈبے موجود تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کراچی میں پولیس کا گھر پرچھاپہ،بڑی تعداد میں بارودی مواد برآمد

رینجرز نے پارک سے متعدد افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا جب کہ رینجرز کی مختلف ٹیمیوں نے پارک کے اصل مالک اور ٹکٹ کی خریدوفروخت والے کاؤنٹر میں موجود افراد کے حوالے سے معلومات اکٹھی کرنا شروع کردی ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اطلاع ملی تھی کہ ایم کیو ایم لندن کے محمد انور اور انبساط ملک نے گو ایش پارک میں اسلحہ چھپارکھا ہے جس پر پارک میں کارروائی کی گئی جس کے دوران ایک ایل ایم جی، 16ایس ایم جیز، 6 سیون ایم ایم رائفلز، تین 223 بور رائفلز، 2 ایم 16، ایک ایم پی 5، ایک پش پشا اور 4 دستی بم سمیت 10 بال بم بھی برآمد ہوئے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔