وزیراعظم کے حکم پر پاک افغان سرحد کو 32 روز بعد کھول دیا گیا

ویب ڈیسک  منگل 21 مارچ 2017
طورخم سرحد کھلنے پر دونوں ملکوں کے درمیان ہرقسم کی آمد و رفت شروع ہوگئی ہے۔ فوٹو : فائل

طورخم سرحد کھلنے پر دونوں ملکوں کے درمیان ہرقسم کی آمد و رفت شروع ہوگئی ہے۔ فوٹو : فائل

پشاور: وزیراعظم نواز شریف کے حکم پر 32 روز سے بند طورخم بارڈر پر پاک افغان سرحد کو کھول دیا گیا ہے جس کے بعد تجارتی ٹرکوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی۔

گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت پاک افغان سرحد کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جس کے بعد آج 32 روز سے بند پاک افغان سرحد کو کھول دیا گیا ہے، صبح 7 بجے طورخم سرحد کھلنے پر دونوں ملکوں کے درمیان آمد و رفت شروع ہو گئی، کارخانو مارکیٹ پشاور اور جمرود میں پھنسے کنٹینرز طورخم کی طرف جانا شروع ہو گئے ہیں جب کہ سرحد کھلنے پر ڈرائیورزکی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیراعظم کا پاک افغان سرحد فوری کھولنے کا حکم

باب دوستی پر تجارتی ٹرکوں کی کلیئرنس کے لیے کسٹم عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، شہریوں کا ڈیٹا انٹری کرنے والا عملہ بھی ڈیوٹی پر پہنچ چکا ہے جب کہ سرحد پر ویزہ کی سختی سے پابندی کی جارہی ہے اور مکمل سفری دستاویزات کو چیک کرکے سرحد پار کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستان نے پاک افغان بارڈر بند کردیا

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ افغانستان سے دہشت گردوں کی آمدورفت روکنے کے لئے افغانستان سے ملحقہ طورخم بارڈر اور چمن گیٹ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔