کوئٹہ بم دھماکوں کے زخمیوں کی کراچی منتقلی کا سلسلہ شروع

اسٹاف رپورٹر / طفیل احمد  اتوار 13 جنوری 2013
ڈاکٹر عشرت العباد کی زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت، اتحاد و یکجہتی پر زور ، فوٹو : اے این پی ، فائل

ڈاکٹر عشرت العباد کی زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت، اتحاد و یکجہتی پر زور ، فوٹو : اے این پی ، فائل

کوئٹہ میں جمعرات کو ہونیوالے بم دھماکوں کے زخمیوں کو کوئٹہ سے کراچی منتقلی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

ہفتے کی شب وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کی ہدایت پر ایئر فورس کے خصوصی C-130طیارے میں35 شدید زخمیوں کو فیصل بیس لایا گیا جہاں سے انھیں مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ان زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے۔ہفتے کی شب گورنر سندھ و چانسلر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ان زخمیوں کی فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسرمسعود حمید کو ہدایت کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈائو یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں زخمیوں کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تاہم 10 افراد کو لیاقت نیشنل اسپتال اور 20کو آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ گورنر سندھ نے حکومت بلوچستان سے رابطہ کیا اور گورنر ذوالفقا مگسی کو یقین دہانی کرائی کہ کوئٹہ بم دھماکوںکے زخمیوں کو حکومت سندھ کی جانب سے ہر ممکن علاج و معالجے کی سہولت فراہمی کی جائے گی۔

01

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بلوچستان حکومت کو شدید زخمی ہونے والوں کے مفت علاج و معالجے کی بھی پیش کش کی ہے ۔گورنر سندھ نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری، صبرو تحمل اور اتحاد و بھائی چارگی کے لیے بھی ترجیحی بنیاد پرکوششں کرنے پر زور دیا ہے اور اس ضمن میں انھوں نے علمائے کرام، صدر، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بھی رابطہ کیا ۔گورنر نے کہا کہ انتہاپسند، دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھانے کی کوشش کرررہے ہیں۔ مشترکہ کوششوں سے ان عناصر کے مذموم ہتھکنڈے ناکام بنائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔