ناچتے گاتے ریاضی پڑھانے والا منفرد اسکول ٹیچر

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مارچ 2017
جنوبی افریقا کے اسکول ٹیچر نے بچوں کو ریاضی  سکھانے کیلیے ریاضیاتی گانے بھی بنارکھے ہیں،
فوٹو: بشکریہ کرٹ منار فیس بک پیج

جنوبی افریقا کے اسکول ٹیچر نے بچوں کو ریاضی سکھانے کیلیے ریاضیاتی گانے بھی بنارکھے ہیں، فوٹو: بشکریہ کرٹ منار فیس بک پیج

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا میں ریاضی کے ایک اسکول ٹیچر نے بچوں کو اس مشکل اور اکتادینے والے مضمون کو پڑھانے کے لیے موسیقی اور ڈانس کا سہارا لیا اور اب بچے ان کے پیریڈ کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔

33 سالہ کرٹ مَنار نامی یہ ٹیچر کیپ ٹاؤن کے اسکول میں پڑھاتے ہیں اور وہ ہپ ہاپ موسیقار اور گلوکار بھی رہ چکے ہیں۔ کرٹ بہت اچھے ڈانسر بھی ہیں اور وہ اپنی اسی صلاحیت کا سہارا لے کر طالب علموں کو ریاضی کے مشکل سوالات گا کر سمجھاتے ہیں اور بچوں نے اعتراف کیا ہے کہ اس طرح وہ بہت جلدی ریاضی کے مسائل سیکھ رہے ہیں ۔

کرٹ کلاس میں بھی اسپیکروں کی مدد سے خود بھی بچوں کے ساتھ پڑھاتے ہوئے ڈانس کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پیچیدہ سے پیچیدہ ترین مسائل بھی بہت مزے سے حل کرلیتے ہیں کیونکہ کرٹ نے بہت مہارت سے انہیں موسیقی اور ڈانس میں سمودیا ہے۔

کرٹ کے مطابق وہ بہت سے بچوں کی طرح اپنے عہد میں بھی ریاضی کو خشک اور بور مضمون سمجھتے رہے اس لیے انہیں ریاضی کو سمجھنے میں بہت مشکل پیش آتی تھی لیکن ان پر یہ انکشاف ہوا کہ ریاضی کو غلط انداز میں پڑھایا جارہا ہے اسی لیے انہوں نے ریاضی پڑھانے کا روایتی طریقہ چھوڑ دیا اور موسیقی اور ڈانس سے مدد لینا شروع کی۔

ان کا کہنا ہے کہ میری جماعت میں آٹھویں جماعت کے ایسے بچے بھی ہیں جو چوتھی جماعت کے اسباق نہیں جانتے لیکن پھر بھی بہت اچھی طرح اپنا سبق سمجھ رہے ہیں، پھر پڑھائی کا یہ طریقہ سست بچوں اور خاص مرض ’’ڈسلیکشک‘‘ بچوں کو بھی پڑھنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے ریاضیاتی گانے بھی بنائے ہیں جن میں کچھ گانے بہت مشہور ہوئے۔ اسکول ٹیچر کی خاص بات یہ ہےکہ دوران کلاس اگر بچے کلاس میں ناچنا شروع کردیں تو وہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

اس منفرد ٹیچر نے ضرب سکھانے والا ایک گانا بنایا ہے جس کے بہترین نتائج نکلے ہیں۔ اب وہ مزید گانے بھی بنارہے ہیں۔  کرٹ کے مطابق ریاضی کے پیریڈ میں ان کی جماعت میں بچوں کی 100 فیصد حاضری رہتی ہے اور بچے اب ریاضی سے محبت کرنے لگے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔