بھارتی ریاست بہار کا اردوکی ترویج کرنے والوں کوایوارڈ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مارچ 2017
ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی اردو زبان کی خدمت کرنے والے 8 افراد کا انتخاب کرے گی، فوٹو؛ فائل

ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی اردو زبان کی خدمت کرنے والے 8 افراد کا انتخاب کرے گی، فوٹو؛ فائل

پٹنہ: بھارتی ریاست بہار کی حکومت نے اردو زبان کی فروغ کے لیے خدمات سر انجام دینے والوں کے لیے سرکاری اعزاز کا اعلان کردیا۔

ریاست بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمارکی کابینہ نے ریاست کی دوسری سرکاری زبان اردو کی فروغ کے لیے خدمات سر انجام دینے والوں کے لیے ایوارڈ دینے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد ہر سال اردو زبان کی خدمات کے اعتراف میں سرکاری ایوارڈ دیا جائے گا جب کہ حکومت نے اس مد میں 12 لاکھ  کی رقم بھی مختص کرلی ہے جسے ایوارڈ کی حق دار شخصیات میں تقسیم کیا جائے گا۔

ریاستی کابینہ کے فیصلے کے بعد محکمہ راج بھاشا نے بھی اردو ڈائریکٹوریٹ کو کمیٹی بنانے کا حکم جاری کردیا ہے جس کے بعد رواں ماہ ہی کمیٹی کا اعلان کیا جائے گا جب کہ کمیٹی اردو زبان کے لیے خدمات سر انجام دینے والے 8 افراد کا انتخاب کرے گی جنہیں ریاستی حکومت ایوارڈ سے نوازے گی۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست بہار سمیت کئی ریاستوں میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔