اب گوگل کے ذریعے اپنے دوستوں کی موجودگی کا مقام جانیے

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مارچ 2017
گوگل میپس کی ایپ کے ذریعے آپ روزانہ اور حقیقی وقت پر خود اپنے اور اپنے دوستوں کا مقام معلوم کرسکتے ہیں،
فوٹو: بشکریہ گوگل میپس

گوگل میپس کی ایپ کے ذریعے آپ روزانہ اور حقیقی وقت پر خود اپنے اور اپنے دوستوں کا مقام معلوم کرسکتے ہیں، فوٹو: بشکریہ گوگل میپس

سان فرانسسكو: گوگل میپس نے اپنی ایپ میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا ہے جس کے ذریعے صارف اپنی موجودگی کے مقام کو دوسروں کے ساتھ حقیقی وقت ( رئیل ٹائم) میں شیئر کرسکتے ہیں اور اس طرح آپ اپنے دوستوں کو اپنی سمت اور مقام بتا کر ان کی رہنمائی بھی کرسکتے ہیں۔

اس سے قبل گوگل میپس نے 2013 میں گوگل پلس پر اسے ’’لیٹی چیوڈ‘‘ کا نام دیا تھا اور اب کی طرح اس میں بھی گوگل نقشہ استعمال ہوتا تھا جب کہ اب بھی یہ سہولت گوگل مپیس کے ساتھ بہتر انداز میں کام کرتی ہے اور اسی پر تنقید کی جارہی ہے کیونکہ ایسی بہت سی تھرڈ پارٹی ایپس اور آئی میسج کے ذریعے بھی لوگ ایک دوسرے کا مقام جان سکتے ہیں بلکہ بعض ایپس ایسی بھی ہیں جن کے ذریعے کئی گاڑیاں ایک طویل سفر پر ایک دوسرے سے رابطے میں رہتی ہیں۔

یہ فیچر اب دستیاب ہے لیکن اسے انفرادی استعمال کرنے کے لیے تھوڑی سی مشقت کرنا ہوگی اس کے لیے گوگل میپ ایپس کھول کر آن لائن رہتے ہوئے اس ’’ نیلے نقطے‘‘ پر ٹیپ کریں جو آپ کا مقام ظاہر کررہا ہے۔ ٹیپ کرتے ہی ایپ میں ایک سائیڈ مینو کھل جائے گا۔ اس میں سے ’’گیٹ اسٹارٹڈ‘‘ کا انتخاب کریں اور ’’شیئرلوکیشن‘‘‘ کا انتخاب کرکے ان لوگوں کے نمبر شامل کریں جنہیں آپ اپنی لوکیشن بتانا چاہتے ہیں۔ اسی طرح چند منٹ، چند گھنٹوں، مہینوں اور روزانہ کی بنیاد پر شیئرنگ کی جاسکتی ہے۔

جن لوگوں کے پاس گوگل میپس دیکھنے کی سہولت نہ ہو وہ ایس ایم ایس کے ذریعے آپ کے مقام سے آگاہ ہوسکیں گے تاہم آپ کی درست ترین موجودگی سے بعض مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فیس بک نے گوگل جیسے ہی ایک نقشے پر اسے دکھانے والی ایپ بنائی تھی جس میں درست ترین مقام کا آپشن ختم کردیا گیا ہے اور اب صرف اس سے قریبی دوستوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ آپ کے مقام کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ دینے والی ایک ایپ فوراسکوائر بہت مشہور ہے جو پاکستان میں ہمارے کئی دوست کئی برس سے استعمال کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔