لوٹ مار کے نئے طریقے ایجاد کرنا آصف زرداری کا طرہ امتیاز ہے، سعد رفیق

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مارچ 2017
پیپلزپارٹی کے 10 سالہ اقتدار میں زرداری نے سندھ کو کھنڈر بنادیا، وزیر ریلوے، فوٹو؛ فائل

پیپلزپارٹی کے 10 سالہ اقتدار میں زرداری نے سندھ کو کھنڈر بنادیا، وزیر ریلوے، فوٹو؛ فائل

اسلام آباد: وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کے نِت نئے طریقے ایجاد کرنا آصف زرداری کا طرہ امتیاز ہے جب کہ دوسروں پر کمیشن لینے کا الزام لگانے سے پہلے زرداری صاحب آئینہ دیکھ لیں۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سندھ کی ترجمانی کی دعویدار زرداری پارٹی نے سندھ کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا اور 10 سالہ اقتدار میں آصف زرداری نے صوبے کو کھنڈر بنا دیا جب کہ دوسروں پرالزام سے پہلے زرداری آئینہ دیکھ لیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم چوری کی چُوری کھا کر جوان ہونے والوں کو پاکستان لوُٹنے کا موقع نہیں دے گی جب کہ لوٹ مار کے نِت نئے طریقے ایجاد کرنا آصف زرداری کا طرہ امتیاز ہے، دوسروں پر کمیشن لینے کا الزام لگانے سے پہلے زرداری صاحب اپنا احتساب کریں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عدالت سے نواز شریف کے خلاف کبھی فیصلہ نہیں آیا، آصف زرداری

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اہل سندھ کو زرداریوں کی استحصالی حکومت سے نجات دلائیں گے اورسندھ میں سیاسی خلا مسلم لیگ (ن) ہی پورا کرے گی جب کہ سندھ کی ترقی و خوشحالی کے لیے 2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست لازم ہے، سندھ میں مسلم لیگی رہنماؤں کے خلاف انتقامی کاروائیوں سے ہماری پیش قدمی نہیں رک سکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔