افغانستان نے آئر لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز بھی جیت لی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 24 مارچ 2017
افغانستان نے آئر لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دی ۔ فوٹو : اے پی

افغانستان نے آئر لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دی ۔ فوٹو : اے پی

گریٹر نوئیڈا: افغانستان نے آئر لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دیتے ہوئے ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی جب کہ رحمت اللہ شاہ نے ناقابل شکست سنچری اور سمیع اللہ شنواری  نے نصف سنچری اسکور کی۔

گریٹر نوئیدا اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے پانچویں اور فیصلہ کن میچ میں آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، 3 وکٹوں پر 156 رنز بنانے کے بعد راشد خان، فرید احمد اور دولت زردان کی تباہ کن بولنگ کے باعث پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 229 رنز پر آﺅٹ ہو گئی۔ پال اسٹرلنگ 51، ایڈ جوائس 42 جب کہ ولیم پورٹ فیلڈ اور نیل اوبرائن 34,34 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 29 رنز کے عوض 4 شکار کیے۔ فرید احمد نے 3، دولت زردان نے 2 جب کہ گلبدین نائب نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :افغانستان کا آئرلینڈ کیخلاف کلین سوئپ

230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 25 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد رحمت شاہ نے اصغر ستنکزئی کے ساتھ 73 رنز کی شراکت قائم کی، ستنکزئی 39 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے جس کے بعد رحمت شاہ اور سمیع اللہ شنواری نے 48.4 اوورز میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔ رحمت شاہ نے 128 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 108 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی۔ سمیع اللہ 77 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ آئر لینڈ کی جانب سے اسٹورٹ تھامپسن، ٹم مورگاتھ اور جارج ڈوکریل نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ رحمت شاہ پلیئر آف دی میچ جب کہ آئر لینڈ کے پال اسٹرلنگ پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔