حکمرانوں اور ملکی اداروں کا احتساب نئے پاکستان کی نوید ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 مارچ 2017
کرپشن نے پاکستان کےادارے تباہ کر دیئے ملک کے پاس اتنا پیسہ ہی نہیں کہ ہم ترقی کرسکیں ، عمران خان. فوٹو:  فائل

کرپشن نے پاکستان کےادارے تباہ کر دیئے ملک کے پاس اتنا پیسہ ہی نہیں کہ ہم ترقی کرسکیں ، عمران خان. فوٹو: فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ حکمرانوں کا احتساب ہو اور ملکی اداروں کی سربراہ بھی عدالت میں پیش ہوں یہ سب نئے پاکستان کی نوید ہے۔ 

بیرون ملک پاکستانیوں سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کیس کی صورت میں پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہورہی ہے ملکی تاریخ میں پہلے کبھی بھی طاقتور کا احتساب نہیں ہوا تھا لیکن اب حکمرانوں سمیت ملکی اداروں کا بھی ٹرائل ہو رہا ہے اور نیب اورایف بی آرکے سربراہ عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔پانامالیکس کا فیصلہ چند دنوں میں آرہا ہے اور نئے پاکستان کی نوید میں خود دوں گا۔

پی ٹی آئی کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ3  سال کے تجربے سے بتا سکتا ہوں کہ ملک ترقی کرسکتا ہے، ایک وقت تھا کہ پاکستان ایشیا میں تیزی سےترقی کر رہا تھا، آج کرپشن نے پاکستان کےادارے تباہ کر دیئے ملک کے پاس اتنا پیسہ ہی نہیں کہ ہم ترقی کرسکیں سنگاپور، پاکستان کے مقابلے میں آگے نکل چکا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اداروں میں کرپٹ سربراہوں کی تقرری ہے، ہم نے سب سے پہلے خیبرپختون خوا میں انتظامی نظام ٹھیک کیا اور پولیس میں سفارشی  کلچر اور سیاسی اثرو رسوخ ختم کردیا، اب خیبرپختون خوا پولیس یورپی پولیس کا مقابلہ کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مضبوط ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی کامقابلہ نہیں کرسکیں گی۔

92 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی فتح کی سلور جوبلی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی فتح کی یادگار بات یہ ہے کہ پوری پاکستانی قوم بہت خوش تھی اور پاکستان سمیت بیرونی ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کے جذبات ایک ہی جیسے تھے میں نے قوم کے چہروں پر اتنی خوشی کبھی بھی نہیں دیکھی جو اس وقت تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ٹیم ہار نہیں مانتی وہ جیت کی منزل تک پہنچ جاتی ہے اور اس وقت ٹیم نے ثابت کیا کوئی بھی ہمیں نہیں ہرا سکتا کیوں کہ ہم نے ہار نہیں مانی اور نوجوان ٹیم نے برے حالات میں بھی اچھی کارکردگی کی بدولت سب کے دل جیت لئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔