افواج پاکستان کی موجودگی میں ملک پر کوئی آنچ نہیں آسکتی، صدر ممنون حسین

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 مارچ 2017
حکومت پاکستان افواجِ پاکستان کو جدید آلاتِ حرب سے آراستہ کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی، صدر مملکت، فوٹو؛ پی آئی ڈی

حکومت پاکستان افواجِ پاکستان کو جدید آلاتِ حرب سے آراستہ کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی، صدر مملکت، فوٹو؛ پی آئی ڈی

 اسلام آباد: صدر ممنون حسین نے مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کو یوم پاکستان کی شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج دفاع کے ہر محاذ پر سینہ سپر ہے اور افواج پاکستان کی موجودگی میں ملک کی سا لمیت پر کوئی آنچ نہیں آسکتی۔

یوم پاکستان کے موقع پر مسلج افواج کی مشترکہ پریڈ کے سلسلے میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا یہ پریڈ افواجِ پاکستان کے مثالی نظم و ضبط اور اس کی بہترین دفاعی صلاحیتوں کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔ قوم کو فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے اور وہ وطن عزیز کے تحفظ ، سا لمیت اور عزت و وقار کی علامت ہیں۔ مسلح افواج کی پریڈ نے پاکستان کے وقار اور تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر اور جدید ہتھیاروں نے دشمن کی آنکھیں خیرہ کر دی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں جس طرح ملک و قوم کی خدمت کی، وہ بے مثال ہے، حکومت پاکستان افواجِ پاکستان کو جدید آلاتِ حرب سے آراستہ کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی کیونکہ دہشت گردی، اندرونی و بیرونی سازشوں اور خطے کی صورتِ حال کے پیشِ نظر ہماری دفاعی قوت اور تیاری ہی ہمیں مشکلات اور خطرات سے محفوظ بنا سکتی ہے۔ آپریشن ردالفساد بھی ہمارے اسی قومی عزم کا مظہر ہے کہ ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ڈٹے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔