امریکا اور برطانیہ میں الیکٹرانک آلات لانے پرعائد پابندی پرعملدرآمد شروع

ویب ڈیسک  اتوار 26 مارچ 2017
امریکا نے 8 اور برطانیہ نے 6 مسلم ممالک کے مسافروں پر موبائل سے بڑے آلات ساتھ لانے پر پابندی عائد کی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکا نے 8 اور برطانیہ نے 6 مسلم ممالک کے مسافروں پر موبائل سے بڑے آلات ساتھ لانے پر پابندی عائد کی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

دبئی: امریکا اور برطانیہ جانے والی پروازوں میں مسافروں کو سامان میں لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اور ڈی وی ڈی پلئیرز لانے پرعائد پابندی پرعمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چند روز قبل امریکا نے 8 اور برطانیہ نے 6 مسلم ممالک کے مسافروں پر اپنے ملکوں میں موبائل کے علاوہ کسی اور الیکٹرانک ڈیوائس لانے پر پابندی عائد کی تھی جس پر ایئرلائنز نے باقاعدہ طور پر عملدرآمد شروع کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون سے زیادہ بڑے الیکٹرانک آلات دوران سفر اپنے ساتھ نہیں رکھ سکیں گے اور ایئرپورٹ پر سامان کی جانچ پڑتال کے بعد ہی مسافروں کو کلئیرنس دی جائے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: امریکا نے 8 اور برطانیہ نے 6 مسلم ممالک کے مسافروں پر نئی پابندی لگا دی

برطانیہ کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے مطابق مسافر ایسا کوئی برقی آلہ جس کی لمبائی 6 اعشاریہ 6 انچ اور چوڑائی 3 اعشاریہ 7 انچ سے زیادہ ہو تو وہ اپنے ساتھ رکھنے کا مجاز نہیں ہوگا جسے مدنظر رکھتے ہوئے اتحاد ایئرویز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹس، آئی پیڈ، گیمنگ ڈیوائسز، کیمرا، ای ریڈر اور یہاں تک کہ اضافی بیٹری بھی سامان میں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ متحدہ عرب امارت کی ایمرٹس ایئرلائن کا کہنا ہے کہ مسافر جہاز میں سوار ہونے سے پہلے تک الیکٹرانکس آلات استعمال کرسکیں گے لیکن ایسے مسافر جنھیں اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے فلائٹ تبدیل کرنی پڑتی ہے وہ اپنے سفر کے دوسرے حصے میں الیکٹرانک آلات تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے۔

امریکا نے جن مسلم ممالک کے مسافروں پر پابندی عائد کی تھی ان میں سعودی عرب، مصر، ترکی، کویت، قطر،مراکش، متحدہ عرب امارات اور اردن شامل ہیں جب کہ برطانیہ کی جانب سے عائد کردہ پابندی کی زد میں آنے والے ممالک میں سعودی عرب، ترکی، لبنان، اردن، مصر اور تیونس شامل ہیں۔

جن ہوائی اڈوں سے امریکا جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں اردن کے دارالحکومت اومان کا کوئین عالیہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مصر کا قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ترکی کا اتاترک ایئرپورٹ استنبول، سعودی عرب میں جدہ کا کنگ عبداللہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کویت انٹرنیشنل ایئر پورٹ، مراکش کا محمد پنجم انٹرنیشنل ایئرپورٹ، قطر کا حماد انٹرنیشنل دوحا، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابوظہبی کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔