جونیئر بھارتی پلیئرز پاکستان آئیں گے، انیل کھنہ

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 26 مارچ 2017
باہمی ٹائی کا امکان نہیں،ایشین ٹینس فیڈریشن کو مزید فعال بنایا جائے گا، صدر۔ فوٹو: فائل

باہمی ٹائی کا امکان نہیں،ایشین ٹینس فیڈریشن کو مزید فعال بنایا جائے گا، صدر۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد:  ایشین ٹینس فیڈریشن کے صدر انیل کھنہ نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں ٹینس کے فروغ کیلیے ایشین ٹینس فیڈریشن کومزید فعال بنایا جائے گا۔

گزشتہ روز سید دلاورعباس ٹینس کمپلیکس میں پریس کانفرنس میں انیل کھینہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ٹینس ٹائی کے امکانات نہیں لیکن بھارت کے جونیئرٹینس پلیئرز پاکستان آئیں گے اور پاکستانی کھلاڑی بھارت جائیں گے۔ ایران کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی کا اسلام آباد میں انعقاد پاکستان ٹینس فیڈریشن کی کامیابی ہے اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدرسیلم سیف اﷲ، سابق صدر پی ٹی ایف سیددلاورعباس، سابق جنرل سیکریٹری میجر راشد، انعام الحق، پاکستان ٹینس اسٹار عقیل خان اورخاورحیات بھی موجود تھے۔

انیل کھنہ نے کہاکہ پاکستان اے ٹی ایف کا اہم رکن ہے اورہم دیگرایشیائی ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ٹینس کوفروغ دینے کیلیے کوشاں ہیں، مستقبل میں پاکستان میں ٹینس کے فروغ کیلیے متعدد پروگرام تربیت دیے جائیں گے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ثانیہ مرزا بھارت کی کھلاڑی اور پاکستان کی ’بہو‘ ہیں، یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ ثانیہ کب پاکستان آئیں گی، ثانیہ پروفیشنل ٹینس پلیئر ہیں ان کی اپنی مرضی ہے، اے ٹی ایف کے زیراہتمام رواں برس پاکستان ٹینس فیڈریشن کی مشاورت سے متعدد ایونٹس ترتیب دیے جائیں گے، پی ٹی ایف کے زیرکنٹرول بہترین ٹینس کی سہولیات موجود ہیں ان سہولیات کافائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کوٹینس کی جانب راغب کیا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔