چینی انویسٹرز کی سندھ کے مختلف شعبوں میں دلچسپی

اے پی پی  اتوار 26 مارچ 2017
ناہید میمن نے وفد کو کاروباری مواقع، حکومتی مراعات سے آگاہ کیا، تعاون کی یقین دہانی۔ فوٹو: نیٹ

ناہید میمن نے وفد کو کاروباری مواقع، حکومتی مراعات سے آگاہ کیا، تعاون کی یقین دہانی۔ فوٹو: نیٹ

کراچی: سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ (ایس بی آئی) کی چیئر پرسن ناہید میمن سے ہفتہ کو چین کے صوبے ہونان کے سرمایہ کاروں کے 20 رکنی وفد نے ہونان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین وو شوگن کی قیادت میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں ہونان صوبے کے مختلف شہروں کے چیمبر آف کامرس کے نمائندے اور چیئرپرسن چائنا پاکستان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن کونسل (سی پی بی آئی پی سی) ٹانگ جے کائی بھی موجود تھے۔ چیئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے چینی سرمایہ کاروں کو صوبہ سندھ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں ایسی سرمایہ کاری کرے گی جس سے روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی  زرعی معیشت میں ویلیو ایڈیشن، کولڈ اسٹوریج، پیکیجنگ کے شعبوں میں کاروبار کے مفید مواقع موجود ہیں، سندھ حکومت سرمایہ کاروں گو گران قدر مراعات فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی۔

چینی وفد نے صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لیے اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کی اور سوالات پوچھے۔ وفد نے بتایا کہ ہونان صوبہ چین میں اہمیت کا حامل صوبہ ہے کیونکہ چیئرمین ماؤ زے تنگ کا تعلق بھی ہونان صوبے سے تھا، وفد نے سندھ میں زراعت، مواصلات، ہائی ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل اور کیمیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا  اور اس سلسلے میں تیزی سے کام کرنے اور سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی معاونت پر بھی زور دیا۔

علاوہ ازیں چیئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے وفد کو ایس بی آئی کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔