امریکی ایئرلائن نے 2 لڑکیوں کوچست ٹراؤزرپہننے پرجہاز سے اتاردیا

ویب ڈیسک  منگل 28 مارچ 2017
ایئرلائن انتظامیہ نے لڑکیوں کو لباس تبدیل کرنے کا کہا جس سے انکار پر انہیں آف لوڈ کردیا گیا، فوٹو؛ فائل

ایئرلائن انتظامیہ نے لڑکیوں کو لباس تبدیل کرنے کا کہا جس سے انکار پر انہیں آف لوڈ کردیا گیا، فوٹو؛ فائل

امریکی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائنز نے 2 مسافر لڑکیوں کو قابل اعتراض لباس پہننے پر جہاز سے اتاردیا جب کہ ایک لڑکی کو ٹانگوں پر چادر لپیٹنے کے بعد سفر کی اجازت دی گئی۔ 

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز نے 3 لڑکیوں کو ٹائٹ فٹنگ ٹراؤزر پہننے کی وجہ سے خبردار کیا کہ اس طرح کا لباس زیب تن کرکے جہاز میں سفر کرنا ایئرلائن کی پالیسی کے خلاف ہے، انتظامیہ نے تینوں لڑکیوں کو لباس تبدیل کرنے کی ہدایت دی تاہم ان میں سے صرف ایک لڑکی نے ٹراؤرز کے اوپر ہی ایک چادر لپیٹ لی جس کے بعد اسے سفر کرنے کی اجازت دے دی گئی تاہم دیگر 2 لڑکیوں کو جہاز سے اتار دیا گیا۔

یونائیٹڈ ایئرلائنز کے ترجمان نے واقعے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کپڑوں کے حوالے سے پالیسی ہمارا اندرونی معاملہ ہے اور یہ مسافروں کی حفاظت کے لیے ہی بنایا گیا ہے جس پر عملدرآمد کروانا ہماری ذمہ داری ہے اور جن 2 لڑکیوں کو جہاز میں پرواز سے روکا گیا وہ یونائیٹڈ ایئرلائنز کے ملازم کے پاس پر سفر کررہی تھیں جو ہماری پالیسی سے بخوبی آگاہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔