’’مانوں یا نہ مانوں، عرفان کنفیوژن کا شکارہوگئے

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 29 مارچ 2017
چارج شیٹ کا جواب جمع کرانے کیلیے 1دن کی مہلت مانگ لی،آج دوبارہ پیشی
 فوٹو: فائل

چارج شیٹ کا جواب جمع کرانے کیلیے 1دن کی مہلت مانگ لی،آج دوبارہ پیشی فوٹو: فائل

 لاہور:  ’’مانوں یا نہ مانوں،محمد عرفان کنفیوژن کا شکار ہو گئے، انھوں نے چارج شیٹ کا جواب جمع کرانے کیلیے ایک دن کی مہلت مانگ لی، بدھ کو دوبارہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل شرجیل خان، خالد لطیف، شاہ زیب حسن اور محمد عرفان کو چارج شیٹ جاری کی جا چکی،شرجیل خان اور خالد لطیف نے الزامات سے انکار کردیا تھا، ان کے کیس کی سماعت ٹریبیونل کررہا ہے جس کا شیڈول طے پا چکا، دوسری جانب محمد عرفان کو گزشتہ روز جواب جمع کرانا تھا، طویل قامت بولر قذافی اسٹیڈیم پہنچے اور پی سی بی کے قانونی مشیر سلمان نصیر سے ملاقات کی، پیسر کے وکیل بھی ہمراہ تھے۔

محمد عرفان نے چارج شیٹ کا جواب دینے کیلیے مزید ایک دن کی مہلت مانگی،ان کا کہنا تھا کہ خود پر لگے الزامات کا جواب تیار کررہا ہوں جو بدھ کو جمع کرا دوں گا، پی سی بی نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے بدھ کو پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔ یاد رہے کہ محمد عرفان پر اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 2.4.4  کی دو مرتبہ خلاف ورزی کا الزام ہے، اس شق کا اطلاق کسی بکی کے رابطے پر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو مطلع نہ کرنے والوں پر ہوتا ہے۔ اگر انھوں نے الزامات تسلیم کیے تو ڈسپلنری کمیٹی اپنی کارروائی مکمل کرتے ہوئے سزا سنا دے گی،انکار کی صورت میں  ان کا کیس بھی ٹریبیونل کے پاس جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔