حکومت کا عبدالستار ایدھی کو زبردست خراج تحسین

بزنس رپورٹر  بدھ 29 مارچ 2017
یادگاری سکّہ 31 مارچ سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

یادگاری سکّہ 31 مارچ سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: اسٹیٹ بینک خدمت انسانیت عبدالستار ایدھی مرحوم کی یاد میں 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے گا۔ 

وفاقی حکومت نے انسانیت کیلیے بالعموم اور پاکستانیوں کے لیے بالخصوص قابلِ تعریف خدمات کے پیش نظر جمعہ 15 جولائی 2016 کو کابینہ کے اجلاس میں مرحوم عبدالستار ایدھی کی یاد میں ایک سکّہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، بعد ازاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں 50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرے۔

یادگاری سکّہ 31 مارچ2017 سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔ 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ تانبے اور نکل سے بنا ہے، جس میں تانبے کا تناسب75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔ اس کا قطر 30ملی میٹر اور وزن13.50گرام ہے۔ سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کندہ ہے۔

ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں عبدالستار ایدھی کا سالِ وفات درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکّے کی مالیت ’’50‘‘ اور اردو میں ’’روپیہ‘‘ لکھا ہے۔ پچھلے رخ پر وسط میں عبدالستار ایدھی کا یک رْخی تصویری عکس ہے جس کی بالائی سمت میں ’’عہدِ انسانیت عبدالستار ایدھی‘‘ درج ہے۔ اس عکس کے نیچے عبدالستار ایدھی کا عرصہ حیات 1928-2016ء نیم دائرے کی صورت میں درج ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔