آئی جی کے معاملے پر سندھ اور وفاق میں کشیدگی برقرار

اسٹاف رپورٹر / مانیٹرنگ ڈیسک  پير 3 اپريل 2017
نیشنل ایکشن پلان دیگرہدایات پربلاتعطل عمل درآمد جاری رہیگا، سردارعبدالمجید۔ فوٹو؛ فائل

نیشنل ایکشن پلان دیگرہدایات پربلاتعطل عمل درآمد جاری رہیگا، سردارعبدالمجید۔ فوٹو؛ فائل

کراچی: آئی جی پولیس سندھ کے معاملے پرسندھ حکومت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔

اتوار کے روز بھی سندھ حکومت اور وفاق میں کشیدگی برقرار رہی ۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی سبکدوشی کا معاملہ طے ہونے سے قبل  ہی قائم مقام آئی جی عبدالمجید دستی نے چارج سنبھال لیا  ہے اور ایک بیٹھک لگا لی ہے۔ دوسری جانب اے ڈی خواجہ نے تصادم سے بچنے کے لیے آج (پیرکو) دفتر نہ جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی مرضی کے بغیر کام نہیں کیا جا سکتا۔ معاملے پر آج سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوگی۔

نجی ٹی وی کے مطابق سندھ حکومت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ہٹانے اور سردار عبدالمجید دستی کو قائمقام آئی جی تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا لیکن وفاق کی جانب سے تاحال اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا۔ اے ڈی خواجہ نے چارج نہیں چھوڑا لیکن سردار عبدالمجید دستی نے قائمقام آئی جی کا چارج سنبھال لیا ہے۔

دوسری جانب قائمقام آئی جی سندھ سردار عبدالمجید نے کہا ہے کہ تمام آپریشنز جاری رہینگے اور نیشنل ایکشن پلان دیگر ہدایات پر بلاتعطل یا کسی رکاوٹ کے عمل درآمد جاری رہیگا، یہ بات انھوں نے اتوار کوپولیس افسران اور جوانوں کو اپنے پیغام میں کہی۔

سردار عبدالمجید نے کہا کہ انھوں نے حکومتی نوٹیفیکیشن کی تعمیل کرتے ہوئے گزشتہ روز سندھ پولیس کے قائمقام سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا ہے، جب تک میرے پاس سندھ پولیس کی کمانڈ ہوگی میں آپکو یقین دلاتا ہوں میں ہر موقع پر آپکی قیادت آگے رہتے ہوئے انجام دوں گا، انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی اقدامات کو مزید تقویت دینے اور بہتر نتائج کے ضمن میں رینجرز سندھ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور وفاقی ایجینسیز سے روابط کو مذید مربوط اور ٹھوس بنایا جائے، کسی بھی پولیس افیسر یا جونیئر رینک کے افسر کو ہٹایا نہیں جائیگا، تاوقتی کہ دوران ملازمت اس سے کوئی سنگین قسم کی غلطی سرزد نہ ہوئی ہو، تقرریوں کے عمل میں سینیارٹی کے اصولوں کی پاسداری کی جائیگی۔

قائمقام آئی جی سندھ نے کہ یہ یقین دلاتا ہوں کہ میرٹ پر کسی بھی حال میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،ہم سب کو قانون کی پاسداری کرنا ہوگی ، پسند ناپسند کے کلچر کو ختم کرنا اشد ضروری ہے ،قائم مقام آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ افسران اور جوان انتہائی غیرجانبداری سے اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی تکمیل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔