وکلا نے انتخابی عملے کو بے دخل کرکے دفتر میں تالا ڈال دیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 جنوری 2013
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کام میں مصروف تھے،نعیم قریشی اوروکلا دفترمیں داخل ہوگئے. فوٹو: رائٹرز

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کام میں مصروف تھے،نعیم قریشی اوروکلا دفترمیں داخل ہوگئے. فوٹو: رائٹرز

کراچی: کراچی بارکے صدر نعیم قریشی نے سٹی کورٹ میں واقع ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس کے عملے کو بے دخل کرکے آفس میں تالا ڈال دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جنوبی وسیم احمد جعفری اورعملہ پی ایس 113کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میںکام میںمصروف تھا، کراچی بار کے صدر نعیم قریشی دیگر وکلا کے ہمراہ آفس میں داخل ہوکر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرسمیت دیگر عملے کوبے دخل کرکے تالا ڈال دیا،واضح رہے کہ اس سے قبل آفس سٹی کورٹ ای بلاک میں قائم تھا، بعدازاں اسے سٹی کورٹ کے مال خانے سے متصل آفس میں منتقل کردیا گیا تھا۔

صدرکراچی بار کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے آفس منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے،دفتر کی جگہ وکلا کے لیے ڈسپنسری تعمیر کرنے کے لیے مختص کی گئی تھی، الیکشن کمشنر نے کافی عرصے سے مذکورہ آفس پرقبضہ کیا ہوا تھا  اورکراچی بار نے آفس خالی کرنے کیلیے 15روز کا وقت دیا تھا ،چیف الیکشن کمشنرسندھ محبوب انور نے 8روز میںآفس خالی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن انھوں نے آفس خالی نہیںکیا تھا، اسی لیے انھیں خود خالی کرانا پڑا ہے،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وسیم احمد جعفری کے مطابق کام متا ثر ہوا ہے اور نہ ہی ہوگا، صوبا ئی الیکشن کمشنر کے مطابق اگلے دو روز میں متبادل جگہ فراہم کردی جائیگی جب تک ڈسٹرک آفس کا عملہ سٹی کورٹ میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔