قادری کو جمہوریت کیخلاف سازش نہیں کرنے دینگے،قادر پٹیل

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 جنوری 2013
وفاقی دارالحکومت کو مفلوج کرنیکی مذمت، پی پی عہدیداروں کا اجلاس،قرار دادیں منظور. فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت کو مفلوج کرنیکی مذمت، پی پی عہدیداروں کا اجلاس،قرار دادیں منظور. فوٹو: فائل

کراچی: پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل کی زیر صدارت بدھ کو پیپلز سیکریٹریٹ میں ہوا۔

اجلاس میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے عہدیداروں ، ضلعی و سٹی ایریا ز اور ذیلی تنظیموں کے ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب میں قادر پٹیل نے کہا کہ کینیڈا سے آئے ہوئے طاہر القادری جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں ، پیپلزپارٹی نے قربانیوں کے بعد جمہوری نظام حاصل کیا ہے،ہم کسی بھی قادری یا طالع آزما کو جمہوریت کے خلاف سازش نہیں کرنے دیں گے۔

اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں،ان قردادوں کے مطابق پیپلزپارٹی کا اجلاس انتخابی اصلاحات کے نام پر نام نہاد لانگ مارچ اور دھرنے کے ذریعے دارالحکومت کو مفلوج بنانے کی کوشش کرنیکی مذمت کرتا ہے ،طاہر القادری کا منصوبہ یہ نظر آرہا ہے کہ عام انتخابات کو دو تین سال کیلیے ملتوی کرکے ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت قائم کردی جائے۔

7

علامہ طاہر القادری کا منصوبہ اپنے غیر ملکی آقائوں کی ایما پر ملک سے جمہوری نظام ختم کرکے آمریت نافذ کرنا ہے جس کیلیے علامہ طاہر القادری کو ماضی کے آمر اور اسٹیبلشمنٹ کی کھلی معاونت حاصل ہے،ایک اور قرار داد کے ذریعے15جنوری کو سپریم کورٹ کے غیر آئینی،غیر قانونی فیصلے کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ فیصلہ طاہر القادری اور افتخارچوہدری گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔