ماڈلنگ کے ساتھ اداکاری کا تجربہ بھی کامیاب رہا،عائشہ عمر

شوبز رپورٹر  جمعـء 18 جنوری 2013
بھارت سے زیادہ معیاری کام پاکستان میں ہورہا ہے اور مجھے کام کی کمی نہیں ہے، عائشہ عمر۔  فوٹو : فائل

بھارت سے زیادہ معیاری کام پاکستان میں ہورہا ہے اور مجھے کام کی کمی نہیں ہے، عائشہ عمر۔ فوٹو : فائل

کراچی:  معروف ماڈل وداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ پاکستان ڈرامہ انڈسٹری نے مجھے شناخت دی ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ میرا اداکاری کا تجربہ بھی کامیاب رہا ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمایندہ ایکسپریس سے بات چیت کے دوران کیا ان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستانی عوام نے پہلے ماڈلنگ کرتے ہوئے دیکھا اور پسندیدگی کا اظہار کیا پھر اداکاری کی دنیا میں میری پذیرائی کی اب جلدگلوکاری کرتے ہوئے بھی دیکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ پاکستان ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے مجھے اس کی اہمیت کا اندازہ نہیں تھا مگر میرے چند ڈراموں نے میری دنیا بدل دی آج پاکستان کا ڈرامہ اپنی بھر پو شناخت قائم کرچکا ہے اور فنکار ملکر انڈسٹری کو مضبوط بنانے کے لیے محنت کررہے ہیں ۔

جہاں تک انڈین ڈراموں کی بات ہے تو اب اس کا خاتمہ ہوچکا ہے اس میں کوئی شک نہیں کے پاکستانی عوام نے گزشتہ چند سالوں تک پڑوسی ممالک کے ڈراموں کو پسند کیا اور انھیں اہمیت دی مگر اب ان کا دل بھر چکا ہے پاکستانی عوام اپنے ملک اور اس کے فنکاروں سے محبت کرتے ہیں اداکارہ عائشہ عمر کی گزشتہ دنوں ہندوستان جانے کی خبریں گردش کررہی تھیں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے عائشہ نے بتایا کہ ان کا فی الحال ایساکوئی ارادہ نہیں ہندوستان سے زیادہ معیاری کام پاکستان میں ہورہا ہے اور مجھے کام کی کمی نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔