محکمہ صحت نے سندھ میں انسداد خسرہ مہم کے اہداف حاصل کرلیے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 18 جنوری 2013
خسرہ سے متاثرہ اضلاع میں خسرہ کا شکار ہونے والے بچوں کے سیمپل ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔  فوٹو : اے ایف پی

خسرہ سے متاثرہ اضلاع میں خسرہ کا شکار ہونے والے بچوں کے سیمپل ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

کراچی: کراچی سمیت صوبے میں انسداد خسرہ مہم کے اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد کی زیر صدارت انسداد خسرہ مہم کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں خسرہ مہم کے اہداف اور ان کی تکمیل کے حوالے سے ماہرین نے تفصیلی بریفنگ بھی دی ، صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سندھ کے 8 متاثرہ اضلاع میں اب تک 34  لاکھ 10 ہزار 965 بچوںکو خسرہ سے بچائو کی ویکسین لگائی گئی جبکہ مقررہ ہدف 29 لاکھ 54 ہزار 524 تھا۔

انھوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں خسرہ کا شکار ہونے والے بچوں کے سیمپل ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں اور رپورٹس آنے کے بعد اس مرض کے وبائی صورت میں پھیلنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے گا، سندھ کے 8 اضلاع میں پھیلنے والی اس وبا کی وجوہات کا تعین کرنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ اگر روٹین ایمونائزیشن میں کمی کے باعث ایسا ہوا تو پورے سندھ میں روٹین ایمونائزیشن کی شرح تقریباً یکساں ہے لیکن وبا 8 اضلاع میں ہی پھیلی ہے۔

 

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویات و ڈاکٹرزکی موجودگی کویقینی بنایا جائے اور تمام ڈاکٹرز کے تبادلے منسوخ کردیے جائیں ، صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیا پر خسرہ کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام کیسز کی چھان بین کی جائے جبکہ افسران تمام اضلاع میں خود جاکر حالات کا جائزہ اور اقدامات کی نگرانی کریں ، انھوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں ان کی طلب کے مطابق ویکسین فراہم کی گئی ہے اور اگر مزید کسی ضلع کو ویکسین کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی فراہم کردی جا ئے گی جبکہ خسرہ کی دوسری خوراک کی فراہمی کے لیے فنڈز کے حصول کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ متا ثرہ اضلاع کے بچوں کو خسرہ ویکسین کی دوسری خوراک کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

انھوں نے کہا کہ کسی بھی ای پی آئی سینٹر پر ویکسین موجود نہ ہونے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جائے گی ،انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت انسداد خسرہ مہم کے دوران مکمل طور پر فعال رہا،افسران ،ڈاکٹرزاور طبی عملے نے خسرہ کی وبا کو پھیلنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا،اجلاس میں سیکریٹری صحت آفتاب احمد کھتری، ایڈیشنل سیکریٹری طحہٰ فاروقی، پروجیکٹ ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مظہر خمیسانی کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔