انٹیل 2 ہزار طلبہ کو انٹر پرونیورشپ کی تربیت فراہم کریگا

بزنس رپورٹر  جمعـء 18 جنوری 2013
پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور انٹیل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط۔  فوٹو : فائل

پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور انٹیل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط۔ فوٹو : فائل

کراچی:  انٹیل پاکستان میں 2 ہزار طلبہ کو انٹرپرونیورشپ کی تربیت فراہم کرے گا۔ اس مقصد کے لیے پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور انٹیل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت طے پاگئی ہے۔

ملک میں نئے کاروبار شروع کرنے کی رفتار اور سطح کو ڈرامائی طور پرتیز تر کرنے کے مقصد سے انٹیل پاکستان اپنی انٹیل انٹر پرونیور شپ پروگرام کی چھتری تلے انٹیل یوتھ انٹرپرائز کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کر رہی ہے ۔ اس مقصد کے لیے حکومت پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

جس کے تحت پنجاب کے طالب علموں کے لیے انٹر پرونیورشپ بیسک کورس کی تربیت دی جائے گی اور اس پر عمل کرنا سکھایا جائے گا ۔ انٹیل کا ارادہ ہے کہ اس ابتدائی پراجیکٹ کے تحت حکومت پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اداروں کے 2000 طالبعلموں کو دسمبر 2013 تک تربیت دی جائے۔

انٹیل پاکستان کے کنٹری مینجر نوید سراج کے مطابق نئے کاروبار شروع کرنے کی آرزو دنیا بھر میں نئی ایجادات ، ٹیکنالوجی کے تجارتی استعمال، نئے بزنس ماڈل کو اختیار کرنے ، انسانی صلاحیتوں کے فروغ اور ویلیو میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ ہمیں حکومت پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر یہ پراجیکٹ شروع کرنے پر بڑی مسرت ہے۔

کیونکہ یہ اگلی جنریشن کے موجدوں کی حوصلہ افزائی کرے گی اور ان کو نئی راہیں دکھائے گی ۔ ہمیں خوشی ہے کہ اس پراجیکٹ کے بہت خاطر خواہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور یہ نہ صرف تربیت اور تعلیم میں اضافہ کرے گی بلکہ طالبعلموں کی ان کے آئیڈیا کو حقیقت کا رنگ دینے میں حوصلہ افزائی کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔