اب پاکستانی پلیئرزکو لیگ میں نہیں کھلائینگے، بنگلہ دیش

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 18 جنوری 2013
بی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے مالی نقصان ہو گا مگر اس کی کوئی پروا نہیں ہے، ناظم الحسن۔  فوٹو : فائل

بی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے مالی نقصان ہو گا مگر اس کی کوئی پروا نہیں ہے، ناظم الحسن۔ فوٹو : فائل

ڈھاکا:  بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ اب اگر پی سی بی پلیئرز کو اجازت دیدے تب بھی انھیں پریمیئر لیگ میں نہیں کھلایا جائے گا۔

صدر نظم الحسن کے مطابق گوکہ ان کی عدم موجودگی سے مالی نقصان ہو گا مگر اس کی کوئی پروا نہیں ہے، انھوں نے مزید کہا کہ صرف ایک ٹیم کھلنا رائل بنگال کو پاکستانی کرکٹرز کے نہ آنے سے زیادہ فرق پڑے گا، ہم انھیں متبادل کھلاڑی دلانے کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے، ہمارے پاس چند اچھے پلیئرز پہلے سے موجود ہیں جو صلاحیتوں میں پاکستانی کھلاڑیوں سے کم نہیں۔

یاد رہے کھلنا کی ٹیم میں 7پاکستانی شعیب ملک، عمر اکمل، اویس ضیا، عمر امین، احمد شہزاد، حارث سہیل اور بلاول بھٹی شامل تھے، ٹیم کے ڈائریکٹر اشفاق الرحمان نے کہا کہ ہم گہرے سمندر میں گر گئے، ہمیں راتوں رات متبادل کھلاڑی نہیں مل سکتے، اگر ہم نے کسی کو بلانا چاہا تو بھی ان کے آنے میں وقت لگے گا، ہم گورننگ کونسل سے درخواست کریں گے کہ ہمارے پہلے میچ کی تاریخ تبدیل کر دے تاکہ پلیئرز کا انتظام کرسکیں۔

دریں اثنا پی سی بی کی جانب سے پلیئرز کو بی پی ایل کیلیے ریلیز نہ کرنے پر ناراض بنگلہ دیش نے ڈپلومیٹک انداز اپنا لیا، گذشتہ روز جب نظم الحسن سے میڈیا نے دورئہ پاکستان کے حوالے سے استفسار کیا تو انھوں نے کہا کہ ہمارے ذہن میں کوئی منفی سوچ موجود نہیں البتہ اس بارے میں دوبارہ ضرور سوچیں گے، ہم سیکیورٹی ٹیم بھیجنے کے فیصلے پر قائم ہیں، وفد کے گذشتہ دورے کو تقریباً ایک سال گذر چکا، وہاں کے حالات میں بہتری نظر نہیں آتی، ہم نئے جائزے کے بعد ملنے والی رپورٹ کی بنیاد پر کوئی فیصلہ کریں گے۔

ایک سوال پر نظم الحسن نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ پی سی بی ہمیں بلیک میل کر رہا تھا البتہ مجھے ان سے بہتر رویے کی توقع تھی۔ یاد رہے رواں ایونٹ کیلیے 51 پاکستانی کرکٹرز کو نیلامی میں شامل کیا گیا اور ان میں سے 27 کو مختلف فرنچائزز نے خرید لیا تھا، ایونٹ کا پہلا میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔