توقیرصادق کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ طلب

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 18 جنوری 2013
24فارم مالکان نے اضافی رقبے پر قبضہ کر رکھا ہے،19فارم ایسے ہیں جن میں شادی ہال بنائے گئے ہیں، ابتدائی سروے فوٹو: ایکسپریس/فائل

24فارم مالکان نے اضافی رقبے پر قبضہ کر رکھا ہے،19فارم ایسے ہیں جن میں شادی ہال بنائے گئے ہیں، ابتدائی سروے فوٹو: ایکسپریس/فائل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے زرعی فارم ہائوسزکا سروے کرکے  ناجائز استعمال کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ہدایت کی ہے کہ سی ڈی اے سروے کرکے رپورٹ مرتب کرے کہ اسلام آباد میں کتنے فارمز ہائوسزکا  استعمال لیز میں درج شرائط کے برخلاف کیا جارہا ہے اور ان کیخلاف اب تک  کیا کارروائی کی گئی ہے ۔سی ڈی اے کی جانب سے منیر پراچہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عبوری رپورٹ پیش کی۔انھوں نے  بتایا اسلام آباد میں کل525 فارم  الاٹ کئے گئے تھے، ابتدائی سروے کے مطابق  24فارم مالکان نے اضافی رقبے پر قبضہ کر رکھا ہے،19فارم ایسے ہیں جن میں شادی ہال بنائے گئے ہیں یا دیگرمقاصد کیلئے استعمال کئے جارہے ہیں ۔چیف جسٹس نے کہا رپورٹ میں صرف19فارم ہائوسزدیگرکاموںکیلئے استعمال ہو رہے ہیں عدالت میں بیٹھے کسی شخص سے پوچھ لیں وہ  بتا دے گا کون کون سے فارم ہائوس شرائط پوری نہیںکررہے ،اس  کیلئے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہایہ بھی کہیں لکھا ہے کہ سرکاری افسران نے عدالت سے سچ نہیں بولنا۔منیر پراچہ نے کہاکہ انہیں 15روزکا وقت دیا جائے وہ مکمل سروے کرانے کے بعد جامع رپورٹ پیش کریںگے، عدالت نے مزید سماعت7 فروری تک ملتوی کر دی۔این این آئی کے مطابق سپریم کورٹ نے اوگرا عملدرآمد کیس میں توقیرصادق کی گرفتاری سے متعلق نیب اورایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ جمعرات کو جسٹس جواد ایس خواجہ اورجسٹس خلجی عارف حسین نے اوگرا عملدرآمدکیس کی سماعت کی۔ عدالت نے آئی جی موٹروے کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دیدیا۔ ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے اعظم خان نے بتایا کہ دبئی حکام کو بتادیا کہ توقیرصادق کا پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا ہے لہٰذااسے ڈی پورٹ کیا جائے۔ عدالت نے سماعت آج جمعہ تک ملتوی کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔