ساؤتھ کی اداکارہ کرشمہ ٹاک سلمان کی فلم میں جلوہ گر ہونگی

شوبز ڈیسک  ہفتہ 19 جنوری 2013
پہلی بھارتی فلم ’’شنکردادا زندہ باد ‘‘میں سائوتھ کے میگا اسٹارز کے ساتھ کام کیا، بزنس مین سے شادی کروں گی،30 سالہ بالی وڈ اداکارہ و ماڈل۔ فوٹو : فائل

پہلی بھارتی فلم ’’شنکردادا زندہ باد ‘‘میں سائوتھ کے میگا اسٹارز کے ساتھ کام کیا، بزنس مین سے شادی کروں گی،30 سالہ بالی وڈ اداکارہ و ماڈل۔ فوٹو : فائل

ممبئی:  سائوتھ کی ایک اور اداکارہ کرشمہ کوٹاک بالی وڈ میں جلوہ گرہونے کے لیے تیارہیں ۔انھیں ہدایت کار سہیل خان نے نئی فلم میں سلمان خان کے مدمقابل کاسٹ کیا ہے۔

30سالہ اداکارہ کرشمہ کوٹاک کا کہنا ہے کہ ہندی فلم کے لیے پلاننگ کررکھی تھی اور اچھی فلم کا انتظارکرتی رہی ہوں اب نئی فلم میں میگا اسٹارز کے ساتھ کام کرنے کی آفر ہوئی ہے تو اس میں کام کرنے کی حامی بھرلی ہے ۔انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلم میں اہم کردار نبھارہی ہوں ، اداکارہ اور ماڈل کرشمہ کوٹاک نے بتایا کہ بچپن میں بہت شرارتی ہوا کرتی تھی جس پر والدین نے مجھے بورڈنگ کے لیے بھیج دیا ۔انھوں نے کہا کہ ایڈورٹائزنگ اینڈ مارکیٹنگ میں گریجوایشن کرکے شوبز کی دنیا میں آئی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ مجھے ٹیچر بننے کا شوق تھا اور اس کے لیے میں نے پڑھانے کا کورس بھی کرلیا تھا۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں پیدا ہوئی ہوں اور ابتدائی تعلیم بھی یہاں سے ہی حاصل کی۔ پہلی بار تلگو فلم کی آفر ہوئی اور اس میں پرفارم کرکے بھارتی فلم انڈسٹری میں داخل ہوگئی ،انھوں نے کہا کہ سائوتھ میں اچھی فلمیں بن رہی ہیں میری اس فلم کو بہت پسند کیا گیا۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ رواں سال کئی ہندی فلمیں کررہی ہوں اور ان کی ریلیز بھی امسال ہی ممکن بنائی جائے گی ۔انھوں نے بتایا کہ نئی فلم کے لیے مجھے ہندی فلم کے لیے منتخب کرنے پر میرٹ پر فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس فلم کے مرکزی کرداروں میں اپنا کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائوں گی۔

انھوں نے کہا کہ مجھے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی ،سلمان کی اداکاری سے متاثر ہوں ان کی پرستار بھی رہی ہوں اور اب ان کی فلم میں کام کرکے بہت زیادہ خوشی ہوگی۔ ادھر بالی وڈ ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹی وی شو ’’بگ باس‘‘میں حصہ لینے والی اداکارہ کرشمہ کوٹاک کو سلمان خان کی آنیوالی فلم کے لیے سائن کیا گیا ہے ۔اس فلم کی کہانی لکھی جاچکی ہے ۔ہدایتکار سہیل خان کی اس فلم کا نام ’’رادھے‘‘ رکھا گیا ہے ۔تاہم اداکارہ نے اس حوالے سے مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ 26 مئی 1982 کو برطانیہ میں پیدا ہونے والی اداکارہ و ماڈل کرشمہ کوٹاک نے ماڈلنگ کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز صرف 16 سال کی عمر میں شروع کیا ۔اس شعبے میں برطانیہ میں کام کرکے اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھائی ۔20برس کی عمر میں بھارت آئیں اور یہاں بھی انھوں نے شوبز کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔ تاہم اس دوران کرشمہ نے برطانیہ میں فیشن شوز اور کمرشلز میں جلوے دکھائے۔ان کی پرفارمنس کو پسند کیا گیا ۔اس عرصہ میں انھوں نے کئی یورپی ممالک کے بھی دورے کیے اور فیشن کی دنیا میں اپنا کام کرکے داد وصول کی۔

پروڈکٹس کی تشہیرکے لیے بھی ماڈلنگ کی اور کمرشلز میں بھی اپنی پرفارمنس کا جادو جگایا ۔ان کی شہرت کو بین الاقوامی میگزین کے سرورق پر تصاویر کی اشاعت نے دیگر ممالک کے شوبز حلقوں تک پہنچایا ۔اداکارہ نے متعدد اسٹیج ڈرامے بھی کیے۔ ستمبر 2005 میں اداکارہ کرشمہ کوٹاک ممبئی آگئیں ۔یہاں دو ماہ کے لیے ایک کیلنڈر کی اشاعت کے حوالے سے کام کیا ۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی کیلنڈر کے لیے کام کرنا ہر ماڈل کا خواب ہوتا ہے اور میں اس کے لیے خود کو بڑی خوش قسمت سمجھتی ہوں۔

اداکارہ نے 2004 میں برطانوی مشہور گلوکار جے سین کی وڈیو میں بھی پرفارم کیا۔اسی طرح بھارت میں بھی سونو نگم کی البم کے لیے بھی پرفارم کرکے بھارتی شائقین کے دل جیت لیے۔ پھر سپنا مکھر جی کے ٹریک مدبھری کے لیے کام کیا ۔اس کے بعد 2007 میں کرشمہ کوٹاک نے ہندی انگلش البم پر یادگار پرفارمنس دی ۔اسی سال کرشمہ کو تلگو فلم ’’شنکر دادا زندہ باد‘‘ میں لیڈی لیڈنگ رول کی آفر ہوئی اور اس میں کام کرکے سائوتھ فلم انڈسٹری میں خوبصورت انٹری دی۔

اداکارہ نے پہلی تلگو فلم میں ہی سائوتھ کے میگا اسٹار چرن جیوی کے ساتھ کام کیا۔ یہ فلم ہندی ’’لگے رہو منا بھائی ‘‘کی ری میک تھی ۔اس کے بعد انھوں نے ہندی فلم’’ سنگیت کا موسم ‘‘میں کام کیا مگر یہ فلم 2010 سے اب تک ریلیز کی منتظر رہی ۔دریں اثناء اداکارہ کرشمہ کوٹاک کا کہنا ہے کہ ابھی تک شادی نہیں کی اور اب اس کے لیے سوچ رہی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ جیون ساتھی کا انتخاب کاروباری خاندان سے کروں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔