مرد اب کارٹون دُلہن سے بھی شادی کرسکیں گے

ویب ڈیسک  جمعرات 20 اپريل 2017
جاپانی کمپنی نے ایسا گیم تیار کیا ہے جس میں موجود کارٹون دُلہن سے مرد شادی کرسکیں گے، فوٹو؛ فائل

جاپانی کمپنی نے ایسا گیم تیار کیا ہے جس میں موجود کارٹون دُلہن سے مرد شادی کرسکیں گے، فوٹو؛ فائل

ٹوکیو: جاپانی کمپنی نے محبت اور رومانس پر مبنی ایک ویڈیو گیم بنایا ہے جس کے ذریعے عام افراد اپنی مجازی دلہنوں سے حقیقی زندگی میں شادی کرسکیں گے یعنی اس طرح گیم میں موجود کارٹون دُلہن سے شادی کی جاسکے گی جو خود ایک دلچسپ بات ہے۔

اس گیم کا نام ’’نٹزوما لوَلی کیشن‘‘ ہے جسے محبت اور ملاپ کا ایک سیمولیٹر قرار دیا جاسکتا ہے۔ اس میں تین مجازی کردار یا لڑکیاں ہیں جن سے آپ شادی کرسکتے ہیں۔ ان میں سے ایک لڑکی کے بال لمبے اور سیاہ، دوسری کے بھورے چھوٹے اور تیسری سنہرے بالوں والی ہے۔

اسے مزید حقیقی بنانے کے لیے دُلہا کسی حقیقی چرچ میں جاکر ان مجازی دُلہنوں سے شادی کرسکتے ہیں اور ورچول ریئلٹی کے ذریعے صرف کمپیوٹر میں موجود اپنی شریکِ حیات سے بات بھی کرسکیں گے۔ یہ گیم 28 اپریل کو لانچ کیا جائے گا اور اس ضمن میں شادی کی ایک خصوصی تقریب 30 جون کو منعقد ہوگی تاہم اس کی جگہ خفیہ رکھی گئی ہے۔ کمپنی کا خیال ہے کہ بہت سے افراد ایسی مجازی لڑکیوں سے شادی کرنا چاہیں گے۔

کئی افراد کو خاص ٹکسیڈو لباس پہنا کر ورچول ریئلٹی ہیڈ سیٹ دیا جائے گا جسے پہن کر وہ ان کی منتظر دُلہنوں کو دیکھ سکیں گے۔ اسی طرح حقیقی مردوں کے ساتھ کارٹون خواتین بھی ’’قبول ہے، قبول ہے‘‘ کہیں گی۔

واضح رہے کہ جاپان میں لوگ کمپیوٹر پر روبوٹ کو دوست بناتے ہیں۔ تاما گوچی کے نام پر وہ مجازی جانوروں کا روزانہ خیال رکھتے ہیں۔ ماہرینِ نفسیات کا خیال ہے کہ جاپانی مردم بیزار ہیں یا پھر مشینوں اور روبوٹس پر اعتبار کرتے ہیں اسی لیے یہ ویڈیو گیم غیرمعمولی طور پر مقبول ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔