سونونگم کا اذان سے متعلق دیئے گئے بیان کا بھانڈہ پھوٹ گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 20 اپريل 2017
سونو نگم کے پڑوس میں رہائش پذیر ہوں جہاں اذان کی بہت ہی ہلکی آواز آتی ہے جسے سننابہت مشکل ہے، اداکارہ شردھا داس، فوٹو؛ فائل

سونو نگم کے پڑوس میں رہائش پذیر ہوں جہاں اذان کی بہت ہی ہلکی آواز آتی ہے جسے سننابہت مشکل ہے، اداکارہ شردھا داس، فوٹو؛ فائل

ممبئی: سونونگم  کے پڑوس میں رہائش پذیر اداکارہ شرادھا داس نے گلوکار کے فجر کی اذان سے متعلق دیئے گئے بیان کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔

گزشتہ دنوں سونونگم نے فجر کی اذان سے متعلق نازیبا ٹوئٹس کی تھیں جس کے بعد ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا جب کہ بھارت میں مقیم مسلمانوں نے ان کے بیان پر تشویش کا اظہار کیا تھا لیکن انتہا پسندوں نے ان کے بیان کی حمایت کی تھی تاہم اب ایک بھارتی اداکارہ نے گلوکار کے بیان کا پردہ چاک کردیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:سونو نگم کی اذان سے متعلق توہین آمیز ٹویٹس

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل گرل شرادھا داس گلوکار سونونگم کے پڑوس میں مقیم ہیں اور انہوں نے فیس بک پر سونونگم کے اذان سے متعلق دیئے گئے بیان پر اپنی ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں سونو نگم کے بالکل پڑوس میں رہائش پذیرہوں لیکن حیرت کی بات ہے کہ میں نے کبھی بھی بلند آواز میں صبح اذان کی آواز نہیں سنی بلکہ بہت ہی ہلکی آواز میں اذان کی آواز آتی ہے جسے سننابہت مشکل ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:بھارت میں اذان کی آواز ہمیشہ آتی رہے گی، بھارتی اداکار اعجاز خان

دوسری جانب اداکارہ نے کسی بھی تنازعے سے بچنے کے لیے اپنی پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا ہے لیکن اداکارہ  کی پوسٹ نے سونو نگم کے جھوٹ کا پول کھول دیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ گلوکار نے  سستی شہرت کے لیے نازیبا ٹوئٹس کی ہیں۔

واضح رہے کہ سونونگم نے گزشتہ دنوں اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا اگرچہ وہ مسلمان نہیں لیکن پھر بھی انہیں اذان کی آواز سے صبح جاگنا پڑتا ہے اور پتہ نہیں بھارت میں یہ جبری مذہب پرستی کب ختم ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔