چیمپئنز ٹرافی؛ انور علی نے کم بیک پر نگاہیں مرکوز کرلیں

عبد الماجد / طحہٰ انیس  جمعـء 21 اپريل 2017
پاکستان ون ڈے کپ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، پیسر۔ فوٹو: فائل

پاکستان ون ڈے کپ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، پیسر۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: پیسر انور علی نے چیمپئنز ٹرافی میں کم بیک پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔

پاکستان کی جانب سے 22 ون ڈے انٹرنیشنل اور 16 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے والے انور علی قومی ٹیم میں واپسی کیلیے کوشاں ہیں، پیسر اس ایونٹ میں سندھ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

انور علی نے ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ کو انٹرویو میں کہاکہ راولپنڈی میں کھیلا جانے والا ون ڈے کپ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، میچز براہ راست نشر کیے جارہے ہیں، سلیکشن کمیٹی کے ارکان بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اب یہ کرکٹرز پر منحصر ہے کہ وہ اس موقع سے کس طرح فائدہ اٹھاتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کیلیے اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں، میری پوری کوشش ہوگی کہ اپنی عمدہ کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کروں۔

پیسر نے کہا کہ پاکستان ون ڈے کپ کیلیے تیار کی جانے والی پچزپیسرز کیلیے سازگار ہیں، یہاں 300سے زائد رنز بھی بنے لیکن فاسٹ بولرز نے 5،5وکٹیں بھی حاصل کیں جو بڑی خوش آئند بات ہے،اچھی لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کرنے والے پیسرز کو کامیابیاں ملی ہیں۔

دوسری جانب بیٹسمین فواد عالم نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پچز سپورٹنگ ہونے کی وجہ سے بڑے اسکور بن رہے ہیں، مقابلے ڈے اینڈ نائٹ ہونے سے بھی بیٹنگ میں آسانی پیدا ہوئی،اگر ڈے میچز کھیلے جاتے تو رات کو پڑنے والی اوس کی وجہ سے صبح پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو مشکلات پیش آتیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔