قومی کرکٹ ٹیم بیٹنگ کوچ کے بغیرکل جنوبی افریقہ کے دورے پرروانہ ہو گی

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جنوری 2013
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ، 5 ایک روز اور 2 ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے جائیں گے، فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ، 5 ایک روز اور 2 ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے جائیں گے، فوٹو: اے ایف پی

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم ایک بار پھر بیٹنگ کوچ کے بغیر ہی غیر ملکی دورے پر کل روانہ ہو گی، پی سی بی نے اس حوالے سے ابھی تک انضمام الحق سے رابطہ نہیں کیا۔

اتوار کو روانہ ہونے والی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت  مصباح الحق کریں گے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ، 5 ایک روز اور 2 ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے جائیں گے، قومی ٹیم دورے کا آغاز4 روزہ پریکٹس میچ سے کرے گی، پہلا ٹیسٹ یکم فروری سے جوہانسبرگ میں شروع ہوگا، ون ڈے سیریزکےلئے ٹیم کا اعلان دوسرے ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب سابق کپتان انضمام الحق کو قومی ٹیم کی بھارت روانگی سے پہلے ایک ٹور کے لئے بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا، وہ کیمپ میں ذمہ داری ادا کرتے رہے لیکن  ایک بھارتی ٹی وی چینل سے مبصر کی حیثیت سے پہلے سے کئے معاہدے کی وجہ سے ٹیم کا ساتھ نہیں دے سکے، توقع کی جا رہی تھی کہ جنوبی افریقہ کے دورے کی اہمیت کے پیش نظر انہیں ٹیم کے ساتھ بھیجا جائے گا۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ یہ بات غلط ہے کہ کم معاوضے کی وجہ سے میں نے انکارکردیا۔ انہوں نے کہا کہ  جب پی سی بی نے کوئی رابطہ ہی نہیں کیا  تومعاوضہ بڑھانے کا معاملہ درمیان میں کیسے آسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔