وزیراعظم پر الزامات لگانے والوں کو سپریم کورٹ سے جواب مل گیا، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  جمعـء 21 اپريل 2017
جے آئی ٹی کو مسترد کرنا عدالت عظمیٰ کی توہین ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

جے آئی ٹی کو مسترد کرنا عدالت عظمیٰ کی توہین ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اور نگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کے خلاف الزامات لے کر سپریم کورٹ گئے تھے لیکن گزشتہ روز انہیں عدالت سے جواب مل گیا اور نوازشریف ایک بار پھر سرخرو ہوئے۔ 

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے آنے والی نسلوں کو سی پیک کا تحفہ دیا اور اس منصوبے کو دنیا خطے کے لئے گیم چینجر کا نام دے رہی ہے جب کہ پاکستانی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، پاکستان اس وقت عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ملک بن چکا ہے، پونے 4 سالوں میں بجلی کےجتنے پراجیکٹ لگے اتنے ماضی میں کبھی نہیں لگے اور آج صنعتی زون میں زیرو لوڈ شیڈنگ ہے، ملک میں خوشحالی اور ترقی آئی تو پاکستان کا دشمن بے چین ہوگیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سپریم کورٹ کو کسی منتخب رکن کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین ملک دشمنوں کی طرح پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں اور انہیں انتخابی اصلاحات سے کوئی سروکار نہیں، مسلم لیگ (ن) کے پاس مینڈیٹ عوام کی امانت ہے اور نوازشریف کو عوام نے ہی وزیراعظم بنایا، عوام کے علاوہ کوئی بھی وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں مانگ سکتا، عوام کو یقین اور اعتماد ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مزید ترقی کرے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان کا وزیراعظم سے استعفیٰ کے لئے سڑکوں پر آنے کا اعلان

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جھوٹے الزامات لے کر سپریم کورٹ گئے تھے لیکن  وزیراعظم نے عدالت میں تین نسلوں کا حساب دے کر منفرد مثال قائم کی، اداروں کی تضحیک کرنے والوں کو گزشتہ روز جواب مل گیا اور نوازشریف ایک بار پھر عدالتوں میں  سرخرو ہوئے، اب اپوزیشن جماعتیں سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مان رہیں اور جے آئی ٹی کو مسترد کرنے کی باتیں کررہی ہیں لیکن انہیں علم ہونا چاہیئے کہ جے آئی ٹی کو مسترد کرنا عدالت عظمیٰ کی توہین ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔