بینظیر قتل کیس میں پروز مشرف سے بیان لینے کیلیے 40 نکاتی سوالنامہ تیار

قیصر شیرازی  ہفتہ 22 اپريل 2017
سوالنامہ آج وکیل کودیاجائیگا،پولیس افسران کا سازش میں شریک ہونے سے انکار۔ فوٹو: فائل

سوالنامہ آج وکیل کودیاجائیگا،پولیس افسران کا سازش میں شریک ہونے سے انکار۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی:  سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹوکے قتل کیس میں ملزم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے بیان لینے کیلیے40 نکاتی سوالنامہ تیار کر لیا گیا ہے جو آج 22 اپریل کو مقدمہ کی سماعت کے دوران ان کے وکیل کو دیے جائیں گے اور ملزم پرویز مشرف کی عدالت میں پیش ہوکر بیان دینے کیلیے ملک واپسی کا شیڈول طلب کیا جائے گا۔

سابق صدر کے خلاف اس مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اصغر خان اڈیالہ جیل میں بنائی گئی خصوصی عدالت میں کریں گے۔ مقدمہ کے3دیگر ملزمان ڈی آئی جی سعود عزیز،ایس پی خرم شہزاد اور اعتزاز شاہ نے عدالت کے سوالات کے آج تحریری جوابات پیش کریں گے جن میں ان تینوں ملزمان نے بینظیر بھٹوکی سیکیورٹی کم کرنے، کرائم سین دانستہ دھلوانے، سازش میں شریک ہونے کی نفی کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ مقدمے کے دیگر4 ملزمان رفاقت، حسنین، عبدالرشید اور شیر زمان کے وکلا کو بھی صفائی کے بیان ریکارڈ کرانے کیلیے سوال دیے جائیں گے جو تیار کرلیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔