جشن میلاد النبیؐ منانے کی تیاریاں جاری، مختلف تقریبات کا انعقاد

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 20 جنوری 2013
حیدرآباد: جشن میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں فیضان مدینہ کے قریب پرچم اور بیجز فروخت کیے جارہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

حیدرآباد: جشن میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں فیضان مدینہ کے قریب پرچم اور بیجز فروخت کیے جارہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

حیدرآباد: حیدرآباد میں جشن میلادالنبی ﷺ منانے کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔

حیدرآباد شہر، لطیف آباد اور قاسم آباد کی شاہراہوں اور چوراہوں سمیت گھروں کو برقی قمقموں سے سجانے اور گنبد خضرٰی اور نعلین پاک کے نقش والے سبز پرچم لہرانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دوسری جانب شہر بھر میں میلاد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جن میں شہری بڑی تعداد میں شرکت کررہے ہیں۔

دعوت اسلامی کے تحت حیدرآباد بھر میں جلوس میلاد نکالنے اور اجتماع میلاد کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے جن میں ہزاروں عاشقان مصطفیٰ ﷺ شریک ہو رہے ہیں جبکہ جلوسوںکے دوران جگہ جگہ پرچم کشائی کا سلسلہ بھی جاری رہا، کوہ نورچوک پر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پرچم کشائی کی۔ دعوت اسلامی کے تحت اتوار 20 جنوری کو حیدرآباد پریس کلب میں اجتماع میلاد ہوگا جس سے مرکزی مجلس شورٰی کے رکن مولانا محمد اطہر عطاری خطاب کریں گے جبکہ منگل22 فروری کو صبح9 بجے فیضان مدینہ آفندی ٹاؤن میں مدرسۃ المدینہ کا اجتماع تقریب اسناد ہوگا، شرکاء سے مبلغ دعوت اسلامی خطاب کریں گے۔

بزم برکات مصطفیٰ ﷺ لطیف آباد کے تحت سالانہ جلوس چراغاں مفی احمد میاں برکاتی، مفتی سید عظمت علی شاہ نوری، علامہ جواد رضا برکاتی و دیگر علماء کی قیادت میں جامع مسجد اﷲ والی سے نکالا گیا جوکہ مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا اپنے آغاز کے مقام پر ہی اختتام پذیر ہوا۔ تحریک اشاعت کنزالایمان کے تحت 12 روزہ جلسہ عید میلاد النبی ﷺ کے چوتھے اور پانچویں جلسے سے علامہ طاہر محمود اعوان، علامہ حافظ محمد ارشد رضوی، علامہ ڈاکٹر قاری محمد فہیم رضا قادری، محمد نعیم اختر رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد مصطفیٰ ﷺ کی محافل کا انعقاد باعث خیر و برکت اور ذریعہ نجات ہے۔

مقررین نے اس بات پر تشویش کا اظہارکیا کہ انتظامیہ میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں منعقدہ ماہانہ محفل جیلانیہ سے مذہبی و سماجی رہنما محمد خالد قادری اور علامہ قاری حبیب اﷲ نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشق رسول ﷺ سے خالی دل اندھیری قبر کیمانند ہے اورہم زبانی طور پر غلامی کا دعوٰی کرتے ہیں مگر عملی طور پر نہیں، اگر ہم سچے عاشق رسول ﷺ ہیں تو پھر ہمیں نماز، قرآن کی تلاوت اور درود و سلام  کی کثرت کرنا ہوگی۔ تقریب میں حافظ نصیب اﷲ، ڈاکٹر صلاح الدین شیخ، محمود احمد مدنی، معظم شیخ ، محمد کامران، فہیم احمد خان، عارف جمال عباسی، رئیس احمد شیخ ودیگر نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔