شوہر کے قتل میں ملوث خاتون اور 4 ساتھیوں کو عمر قید کی سزا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 جنوری 2013
جعلی پیر مختار سائیں ضمانت پر تھا ، عدالت نے ضمانت منسوخ کرکے اسے جیل بھیج دیا،دیگر ملزمان پہلے سے جیل میں تھے۔ فوٹو: فائل

جعلی پیر مختار سائیں ضمانت پر تھا ، عدالت نے ضمانت منسوخ کرکے اسے جیل بھیج دیا،دیگر ملزمان پہلے سے جیل میں تھے۔ فوٹو: فائل

کراچی: عدالت نے شوہر کے قتل میں ملوث اہلیہ اور اس کے 4ساتھیوں کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی۔

ہفتے کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی جلال احمد سومرو نے شوہر کے قتل میں ملوث مسماۃ صغراں مائی ، اس کے ساتھی مختار سائیں ، نوراللہ، ریحان ، اورعرفان اﷲ کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور فی کس ایک لاکھ روپے بطور جرمانے کی سزا سنائی ہے ،ملزمان کو ہرجانے کی رقم کی عدم ادائیگی پر مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی، ملزم مختار سائیں ضمانت پر تھا ،فاضل عدالت نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرکے اسے بھی جیل بھیج دیا جبکہ دیگر ملزمان پہلے سے ہی جیل میں تھے۔

استغا ثہ کے مطابق 31مارچ 2010کو مذکورہ ملزمان نے خلیل احمد کو سرپر بھاری پتھرمارکر قتل کردیا تھا اور اس کی لاش رکشے میںڈال کر درخشاں کے علاقے میں موجود جھاڑیوں میںپھینک کر فرار ہوگئے تھے ،بعدازاں تھانہ درخشاں نے لاش برآمد کرکے مقتول کے کزن عزیز کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا ،مدعی نے مقتول کی اہلیہ پر قتل کا الزام عائد کیا تھاتاہم تھانہ درخشاں نے ملزمہ صغراں کو شامل تفتیش کیا، دوران تفتیش ملزمہ نے قتل کا اعتراف کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔