چانڈیوصاحب ایان کو زرداری کی بہن کہہ دیں تو سلیوٹ کروں گا، حنیف عباسی

ویب ڈیسک  اتوار 23 اپريل 2017

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ مولابخش چانڈیو ایان علی کو آصف زرداری کی بہن کہہ دیں توان کو پوری قوم کے سامنے سلیوٹ کروں گا۔

راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ کہ پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش نے آج حیدرآباد میں وزیراعظم نوازشریف سے مستعفی ہونے کی مطالبہ کیا اور ایان علی کا مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے رشتہ پوچھا ہے تو میں حلفیہ بیان دیتا ہوں کہ ہمارا اور ہماری قیادت کا ماڈل ایان علی سے کوئی رشتہ نہیں، رشتہ اس کا ہے جس نے لطیف کھوسہ کو ایان علی کا وکیل بنوایا اور جس نے ایان کو دبئی میں فلیٹ لے کر دیا۔ چانڈیو صاحب میڈیا پر آکر کہہ دیں کہ ایان علی آصف علی زرداری کی بہن ہیں، اگر وہ یہ بات مان لیں تو میں ان کو پوری قوم کے سامنے سیلیوٹ پیش کروں گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزیراعظم مستعفی ہو جائیں اسی میں ان کی عزت ہے

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ مولابخش چانڈیو ایک سند یافتہ چور آصف زرداری  کے لئے بات کرتے ہیں، آصف زرداری نے پہلے کہا کہ سرے محل میرا نہیں اور بعد میں اس کا مالک بن کر بیچ دیا، انہوں نے لاڑکانہ کے 80 ارب روپے کھا لئے، آصف زرداری نے 6 ارب روپے سوئس بینکوں میں جمع کرا رکھے ہیں، یہ ہماری حکومت کی کمزوری تھی کہ آصف زرداری کو چھوڑ دیا، حکومت تمام پیسے پاکستان لے کر آتی اور انہیں جیل میں بند کردیتی۔ ان کا کہنا تھا کہ مولا بخش اس پیپلزپارٹی کی بات کرتے ہیں جس نے کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا، سندھ کے عوام  اور وزرا پنجاب آئیں اور ہر شہر میں گھوم کر دیکھیں، جب وہ پنجاب کے شہروں کو دیکھ کر کراچی اور لاڑکانہ کا موازنہ کریں گے تو انہیں احساس محرومی ضرور ہو گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان روتے اور وزیراعظم سرخرو ہوتے رہیں گے

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا نوازشریف سے استعفیٰ کا مطالبہ چاند پر تھوکنے کے مترادف ہے اور یہی تھوک ان کے منہ پر آئے گا۔ کرپشن کی بادشاہ پیپلزپارٹی عمران خان کے ساتھ مل کر یہ خواب دیکھنا چھوڑ دے کہ نوازشریف اپنے گھر جائیں گے، نوازشریف کو عوام نے منتخب کیا اور وہی استعفیٰ لینے کے حقدار ہیں، عوام کے علاوہ کوئی مائی کا لعل وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں لے سکتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کرپشن کے خاتمے کا علم پیپلزپارٹی نے اٹھایا جو قیامت کی نشانی ہے

حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان سپریم کورٹ کے جے آئی ٹی کے فیصلے کو نہیں مانتے تو کس قانون اور آئین کو مانتے ہیں، اس ملک کے قانون کے خلاف چلنے والے عمران خان ملک کی ترقی اور امن کے دشمن ہیں، عمران خان نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا اور پی ٹی وی کی عمارت کو آگ لگانے کی کوشش کی، بجلی کے بلوں کو جلایا، عمران خان ایک اناڑی ڈرائیور ہیں، اناڑی ڈرائیور کو تو گاڑی بھی نہیں دی جاسکتی تو ملک کی باگ ڈور کیسے تھما دی جائے۔

عمران خان یہ جان لیں کہ بددعائیں دینے اور شیروانی پہن کر اپنے ہی گھر میں کیمروں کے سامنے بیٹھ کر میرے عزیز ہم وطنوں کہنے سے وزیراعظم بننے کا خواب پورا نہیں ہوسکتا بلکہ وزیراعظم ووٹوں سے بنتے ہیں، لیکن یہاں حالت یہ ہے کہ حال ہی میں تلہ گنگ میں آپ کا امیدوار ہار جاتا ہے، خیبرپختون خوا میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ زکوۃ کھانے والے عمران خان خود کرپشن کے بادشاہ ہیں، وہ بتائیں کہ 350 کنال کا گھر کیسے چل رہا ہے۔ عمران خان  بیرون ملک میں رہائش پذیر یہودیوں اور ہندوؤں کی فنڈنگ سے چلتے ہیں، صدقات بھی کھا جاتے ہیں اور ان کے دائیں بائیں چوراور ڈاکو کھڑے ہوتے ہیں، ان کے ساتھی جہانگیر ترین اپنی کرپشن کا خود اعتراف کرچکے ہیں اور 8 کروڑ روپے ادا بھی کر چکے ہیں۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے پہلے بھی درخواست کرچکے ہیں اور ان کے خلاف ایک درخواست دائر کریں گے جس میں استدعا کی جائے گی کہ  عمران خان کے خلاف ہماری درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نوازشریف کے بارے میں فیل اور پاس ہونے کے بیانات دیتے ہیں، کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ، شیخ رشید کے خلاف ایک 2 روز میں کچھ لوگ پریس کانفرنس کرنے والے ہیں جنہوں نے ان کی جگہ پیپرز دیئے تھے اور وہ تمام حقائق سامنے لائیں گے کہ شیخ رشید کتنی بار میٹرک اور انٹر میں فیل ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید آج اپنے محسن کے خلاف بیانات دیتے ہیں، انہیں یاد نہیں کہ وہ نوازشریف کے قدموں میں بیٹھ کر وزارت کی بھیک مانگتے تھے اور 2013 میں بھی مجھ سے مل کر کہا کہ مجھے معافی دے دی جائے اور (ن) لیگ میں شامل کرلیا جائے، جب نوازشریف نے انہیں گھاس نہیں ڈالی تو ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا اور ان کی اوقات بھی سامنے آگئی جسے شہر کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ میرے خلاف انتخابات میں حصہ نہ لو لیکن الیکشن کے بعد شیخ رشید کی ضمانت بھی ضبط ہو گئی، 2013 کا الیکشن اپنے دوستوں کی مدد سے جیتنے والے شیخ رشید آج دیکھ لیں کہ لوکل باڈی الیکشن میں راولپنڈی کی 48 سیٹوں میں سے 40 سیٹیں (ن) لیگ نے جیت لی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔