ایم کیو ایم پاکستان نے ثابت کردیا کہ اسے تقسیم نہیں کیا جاسکتا، فاروق ستار

ویب ڈیسک  اتوار 23 اپريل 2017
ایم کیو ایم پاکستان نے منوالیا کہ جوآپشن کراچی کے لوگوں کو دیئے گئے وہ کراچی کے عوام  نے مسترد کردیئے، وسیم اختر ۔ فوٹو: ایکسپریس

ایم کیو ایم پاکستان نے منوالیا کہ جوآپشن کراچی کے لوگوں کو دیئے گئے وہ کراچی کے عوام نے مسترد کردیئے، وسیم اختر ۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان نے ثابت کردیا کہ اسے نہ تو تقسیم کیا جاسکتا ہے اور نہ اس پر کوئی طوفان ڈھایا جاسکتا ہے۔

کراچی میں حقوق ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان نے ثابت کردیا کہ وہ ہی سندھ کی سب سے زیادہ منظم جماعت ہے جسے نہ تقسیم کیا جاسکتا ہے نہ اس پر کوئی طوفان ڈھایا جاسکتا ہے، ہم تمام اکائیوں کے ساتھ سندھ کے شہری علاقوں کامقدمہ لڑرہے ہیں،آج ہم 140-A کے تحت اختیارات اوراپنے وائٹ پیپر پرایکشن کے لئے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج 1986 والی ایم کیو ایم قائم کردی، مہاجر قاتل مہاجر مقتول کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیا، ہمیں اگر دیوار سے لگانے کے لئے سارے راستے اختیار کیے جائیں گے تو نتیجہ وہی نکلے گا جو این اے246 کا نکلا تھا۔

ایم کیو ایم (پاکستان) کے سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ آدھا ملک گنوانے کے بعد ایک سویلین چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر بن کر براجمان ہوجائے، ذوالفقار علی بھٹو نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کو چلانے والے بڑے بڑے اداروں کو قومیا کر ان پر قبضہ کیا جب کہ انہوں نے اپنے دور میں پہلی مردم شماری کرائی جس میں اردو بولنے والوں کی آبادی 60 لاکھ تھی جسے ایک منظم سازش کے تحت کم کرکے 20 – 25 لاکھ دکھائی گئی اور بعد میں اس وقت کے سکریٹری داخلہ محمد خان جونیجو نے تسلیم کیا کہ بھٹو کے حکم پر اردو بولنے والوں کی آبادی کم کرکے دیکھائی گئی۔

شرکا سے خطا ب کرتے ہوئے میئرکراچی وسیم اخترنے کہا کہ ہم قوم سے مخلص تھے مخلص ہیں، پاکستان کے وفاداررہیں گے،غداری غداری کا ڈرامہ بند کریں، ایم کیو ایم پاکستان نے آج منوالیا ہے کہ جوآپشن کراچی کے لوگوں کو دیئے گئے تھے وہ سارے آپشن کراچی کے عوام نے مسترد کردیئے۔ کراچی جیت گیا،حق کی آوازاب ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ مل چکی ہے،آج کی لاکھوں کی ریلی نے ریفرنڈم دیدیاکہ اختیاراورحق دیناہوگا۔انہوں نے کہاکہ بیڈگورننس کاچرچاساری دنیامیں ہے،ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کرہمیں کام کرنے سے روکا گیاہم نے 100دن میں محدودوسائل اورجذبہ لامحدودسے کام کیا،اب عوام نعروں پرووٹ نہیں ڈلیں گے بلکہ عوام نے 13اپریل کوکامیاب کرکے فیصلہ کردیاہے ۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی قیادت میں لیاقت آباد 10 نمبر سے کراچی کے حقوق کے لئے “حقوق ریلی ” نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اپنے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوئی جب کہ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر کراچی کو حق دو سمیت دیگر نعرے درج تھے۔

“حقوق ریلی” تین ہٹی تک پہنچی تو ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی میں متحدہ لندن کے کارکنان بھی شامل ہوگئے اور متحدہ قائد کے حق میں نعرے بازی شروع کردی جب کہ کارکنان اپنے ہمراہ ساؤنڈ سسٹم بھی لائے تھے جس پر انہوں نے ایم کیو ایم لندن کا ترانہ “مظلوموں کا ساتھی ہے” بھی چلانا شروع کردیا۔ متحدہ لندن کے کارکنان کی جانب سے ترانہ چلانے پر ریلی میں بدنظمی پھیل ہوگئی اور معمولی جھگڑے کے بعد متحدہ لندن کے کارکنان فرار ہوگئے جب کہ ساؤنڈ سسٹم ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان نے تحویل میں لے لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔