سندھ میں 5 سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات بڑھ گئی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 جنوری 2013
2011ء میں ملک میں ساڑھے3 لاکھ بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

2011ء میں ملک میں ساڑھے3 لاکھ بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

کراچی: قومی ادارہ اطفال برائے صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ماہر اطفال پروفیسر جمال رضا نے بتایاہے کہ پاکستان میں ہر سال5 لاکھ بچے اپنی پانچویں سالگرہ سے پہلے ہی نمونیہ، اسہال سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہوکر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں جبکہ ڈھائی لاکھ بچے اپنی پہلی سالگرہ سے قبل ہی دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں آج بھی بچے مختلف امراض میں مبتلا ہوکرجاں بحق ہورہے ہیں، انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں 5  سال سے کم عمرکے بچوںکی شرح اموات میں اضافہ ہورہا ہے جو تشویشناک بات ہے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف وجوہات اور طبی مسائل کی وجہ سے سب سے زیادہ بچوں کی شرح اموات سندھ میں رپورٹ ہورہی ہیں۔

انھوں نے یونیسیف کی ایک رپورٹ کاحوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2011ء میں ملک میں ساڑھے3 لاکھ بچے جاں بحق ہوئے ہیں،سندھ میں بچوں کی شرح اموات کا تناسب ایک ہزار بچوں میں سے 101بچے جاں بحق ہوجاتے ہیں جو ایک ہولناک صورتحال ہے، انھوں نے کہاکہ قومی ادارہ اطفال برائے صحت میں بچوں کی بیماریوں پرقابوپانے کیلیے ماہرین نے تحقیق بھی شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔