پہلا ون ڈے: جیمز فرینکلن نے پروٹیز سے فتح چھین لی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 20 جنوری 2013
پارل : بولینڈ پارک میں پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران جنوبی افریقی کرکٹر رورے کلینویلڈ جارحانہ شاٹ کھیل رہے ہیں، عقب میں کیوی وکٹ کیپر برینڈن میک کولم موجود ، میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔  فوٹو : اے ایف پی

پارل : بولینڈ پارک میں پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران جنوبی افریقی کرکٹر رورے کلینویلڈ جارحانہ شاٹ کھیل رہے ہیں، عقب میں کیوی وکٹ کیپر برینڈن میک کولم موجود ، میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو : اے ایف پی

پارل:  جیمز فرینکلن نے جنوبی افریقی جبڑے سے فتح چھین لی، انھوں نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میں ایک وکٹ سے سرخرو کرایا۔

کیویز نے 209 رنز کا ہدف 9 وکٹ پر حاصل کیا، فرینکلن 47 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ تفصیلات کے مطابق فتح کیلیے 209 رنز کے تعاقب میں جانے والے کیویز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب 3 ٹاپ وکٹیں صرف 21 رنز پر گئیں، مارٹن گپٹل صفر، روب نکول 4 اور کین ولیمسن صرف 5 رنز پر آئوٹ ہوئے۔

بریڈلی جان واٹلنگ نے میک کولم کے ساتھ اسکور کو 73 تک پہنچایا، مگر کپتان 26 رنز پرکلینویلڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، واٹلنگ بھی 45 رنز پر چل دیے،جب نیوزی لینڈ کی نویں وکٹ گری اس وقت بھی اسے مزید 69 رنز کی ضرورت تھی، ملز نے جیمز فرینکلن کے ساتھ 47 رنز جوڑے مگر خود 26 رنز پر میکلرین کا شکار بن گئے۔

آخری کھلاڑی مچل میک کلینگن نے 6 گیندوں کا ڈٹ کر سامنا کیا اور اپنی وکٹ محفوظ رکھتے ہوئے اسٹرائیک فرینکلن کے سپرد کی جنھوں نے بقیہ 22 رنز اسکور کرکے ٹیم کو 45.5 اوورز میں ہی فتح دلادی۔

ریان میکلرین نے 4 جبکہ کلینویلڈ اور لونوابو ٹسوبے نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ 208 رنز پر آئوٹ ہوا، فاف ڈو پلیسس نے 57 اور ریان میکلرین نے 33 رنز اسکور کیے، ون ڈے ڈیبیو کرنے والے مچل میک کلینگن نے 20 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر کیریئر کا شاندار آغاز کیا، کین ولیمسن نے بھی 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔