رقم کا تنازع: کانگو کے فٹبالرز نے ہڑتال ختم کردی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 20 جنوری 2013
فیڈریشن نے بونس کی ادائیگیوں کا یقین دلادیا، افریقہ نیشنز کپ سے قبل ٹریننگ شروع۔  فوٹو: فائل

فیڈریشن نے بونس کی ادائیگیوں کا یقین دلادیا، افریقہ نیشنز کپ سے قبل ٹریننگ شروع۔ فوٹو: فائل

جوہانسبرگ: فٹبال فیڈریشن کے ساتھ بونس کی ادائیگیوں پر احتجاج کرنے والے کانگو کے کھلاڑیوں نے دو روزہ ہڑتال ختم کر دی، تمام پلیئرزافریقہ نیشنز کپ سے قبل دوبارہ ٹریننگ کرنے لگے ہیں۔

انھوں نے وعدے کے مطابق رقوم کی وصولی کے لیے ایک کوشش کے طور پر جمعرات اور جمعے کو پریکٹس سے انکار کردیا تھا، ٹیم کو اتوارسے جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والے مقابلوں میں حصہ لینا ہے۔ منیجر کلاڈلی روئے کا کہنا ہے کہ میں نے کانگو فیڈریشن کے سربراہ سے بات چیت کی اور کھلاڑی نئی ضمانتوں پر مطمئن ہیں،ریڈیو فرانس انٹرنیشنل کی ویب سائٹ سے بات چیت میں لی روئے نے کہا کہ میں نے اس جمعے کو فیڈریشن کے صدر سے بات کی۔

انھوں نے ضمانت دی کہ حالات بہتر ہوجائیں گے، ہم نے ان پر بھروسہ کیا اور اسی وجہ سے ٹریننگ کیلیے واپس آگئے ہیں۔ دفاعی کھلاڑی لیریز مبیالہ نے اس حوالے سے کہاکہ جھگڑے سے ٹیم پر اثر پڑ رہا تھا، ہم ذہنی دباؤ سے تھک گئے ہیں،افریقہ نیشنز کپ کے آغاز میں صرف 48گھنٹے رہ گئے اور ہم انتشار میں مبتلا تھے۔ قبل ازیں جمعے کو لی روئے نے فیڈریشن کو آڑے ہاتھوں لیا تھا، انھوں نے آرایف آئی سائٹ پر ایک بلاگ میں لکھا تھا کہ یہ احمقانہ پن اور اس سے ہماری تیاریوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

کھلاڑیوں کو بچوں کی طرح سمجھا جارہا ہے، حکام کھلاڑیوں اور میرے اسٹاف سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کررہے ہیں، کھلاڑیوں نے اسٹاف ارکان کے ساتھ یکجہتی کے طور پر ٹریننگ سے انکار کردیا تھا، کھلاڑی بہت ناامید ہیں کیونکہ ان سے کیے گئے وعدوں کی کوئی حیثیت ہی نہیں رہی۔ لی روئے نے کہا کہ میں نے کبھی استعفیٰ نہیں دیا، فٹبال مجھے بہت پسند اوراسی کی وجہ سے میں زندہ ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔