کراچی کیلیے کچرے سے بجلی پیدا کرنیکا منصوبہ سنگ میل ہے

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 جنوری 2013
روزانہ  10ہزار ٹن کچرے سے بجلی بنے گی،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کی رچرڈ کوک سے ملاقات.  فوٹو: فائل

روزانہ 10ہزار ٹن کچرے سے بجلی بنے گی،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کی رچرڈ کوک سے ملاقات. فوٹو: فائل

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹرمحمد حسین سید نے کہا ہے کہ کراچی میں روزانہ 10ہزار ٹن کچرے کو ٹھکانے لگانے اور گاربیج سے بجلی بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے برطانیہ کی بین الاقوامی کمپنی سے معاہدہ کراچی کے لیے انتہائی خوش گوار ثابت ہوگا اور شہرکے مرکزی علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں اور کچی آبادیوں سے کچرا اٹھانے اور وہاں صفائی ستھرائی پر بھرپور توجہ دی جائے گی تاکہ پورے شہر میں صفائی کا یکساں نظام رائج ہو سکے۔

یہ بات انھوں نے کمپنی کے سربراہ رچرڈ کوک سے ملاقات کے موقع پر کہی جنہوں نے ہفتہ کو ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز ڈاکٹر شوکت زمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ جس طرح لندن اور گلاسکو میں صفائی ستھرائی کا نظام ، کچرے کی منتقلی ،گاربیج ٹرانسفر اورلینڈ فل سائیڈ پر کچرے کی منتقلی کے نظام کو سائنسی بنیادوں پر چلایا جارہا ہے وہ قابل تقلیدہے۔

کراچی میں بین الاقوامی سطح پر شہری خدمات انجام دینے والی کمپنیوں کو دعوت دی جائے کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کراچی کی بہتری اور ترقی کے لیے مختلف خدمات انجام دیں تاکہ کراچی کی بلدیاتی خدمات کا دائرہ وسیع ہوسکے، اس معاہدے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے گا اور کراچی میں اس حوالے سے نمایا ں تبدیلی دیکھنے میں آئے گی

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔