مسلسل 52 گھنٹے تک کھانے پکانے کا عالمی ریکارڈ

ویب ڈیسک  منگل 25 اپريل 2017
بھارتی شیف نے مسلسل 52 گھنٹے کھانا بنانے میں 750 مختلف ڈشیں بنائیں، فوٹو؛ فائل

بھارتی شیف نے مسلسل 52 گھنٹے کھانا بنانے میں 750 مختلف ڈشیں بنائیں، فوٹو؛ فائل

ناگپور: بھارت میں ایک شیف نے مسلسل 52 گھنٹے تک کھانا پکاکر نہ صرف دنیا کو حیران کردیا بلکہ ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔

وِشنو منوہر نے ناگپور میں مسلسل 52 گھنٹے تک کھانا پکاکر ایک امریکی شیف بنجامن پیری کا ریکارڈ توڑا ہے جنہوں نے مارچ 2014 میں رہوڈ آئی لینڈ امریکا میں مسلسل 40 گھنٹے تک کھانا پکایا تھا۔ وشنو کو تصدیق کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ دیا جائے گا کیونکہ ان کی اس اہم کاوش کی مسلسل ویڈیو بھی بنائی گئی ہے۔

21 اپریل کی صبح 8 بجے وشنو نے اپنے کام کا آغاز کیا اور اتوار کی صبح 3 بجے وہ پیری کا ریکارڈ توڑ چکے تھے۔ یہ مقابلہ ایک سماجی تنظیم نے منعقد کیا تھا۔ اس پورے عرصے میں وشنو منوہر نے 750 مختلف ڈشیں بنائیں۔ اس عمل میں انہوں نے 8 گیس سلنڈر استعمال کیے اور انہیں 15 معاونین کی خدمات حاصل تھیں۔ منوہر کو ہر 2 گھنٹے بعد 5 منٹ کا وقفہ دیا گیا اور اس دوران غذائی ماہرین انہیں پروٹین بھری خوراک دیتے رہے تاکہ ان کی توانائی بحال رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔