ہزاروں بے گناہ شہری موت کے گھاٹ اتاردیے گئے

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 جنوری 2013
حکومت کراچی میں امن وامان قائم کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوگئی،محمد حسین محنتی۔ فوٹو: فائل

حکومت کراچی میں امن وامان قائم کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوگئی،محمد حسین محنتی۔ فوٹو: فائل

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے امیرمحمد حسین محنتی نے شہر میں جلائو گھیرائو اور قتل وغارت گری کی سخت مذمت کی ہے اورکہا ہے کہ دن دیہاڑے منظر امام کا قتل اور احسن العلوم کے طلبا پر حملہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلیے لمحہ فکریہ ہے ۔

منظر امام کا قتل قابل مذمت ہے ،دہشت گردوں نے پورے شہرکو یرغمال بنالیا ہے اور یہاں آگ و خون کا کھیل جاری ہے مگر حکومت ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، انھوں نے کہاکہ کراچی میں جس بڑے پیمانے پر معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ،عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمے داری حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہے مگر یہ ادارے اپنے فرائض انجام دینے کیلیے تیار نہیں، انھوں نے کہاکہ گذشتہ روز شہر میں خوف و ہراس کاماحول پیدا کر کے دکانیں اورکاروباری مراکز بند کرادیے گئے معیشت کو اربوں روپے کانقصان پہنچایا گیا ،دیہاڑی پرکام کرنے والے مزدور ہڑتال کی وجہ سے فاقہ کشی پر مجبور ہوجاتے ہیں مگرکسی کو اس کااحساس نہیں۔

10

انھوں نے کہا کہ متحدہ خود حکومت میں شامل ہے احتجاج کے بجائے دہشت گردوں کے خلاف انہیں عملی اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہییں، انھوں نے کہاکہ اس سے قبل رکن صوبائی اسمبلی رضا حیدر کوبھی دن دیہاڑے قتل کیا گیا مگراس واقعے کی بھی تحقیقات نہیں ہوئی جب کہ ٹارگٹ کلنگ میں روزانہ 10 سے 12 افراد کی ہلاکت بھی معمول بن گئی ہے ،انھوںنے کہاکہ گذشتہ پانچ سالوں میں ہزاروں بے گناہ شہری موت کے گھاٹ اتار دیے گئے اور ابھی تک کسی بھی قاتل کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ، انھوں نے کہاکہ جب تک حکومت مفاہمت کے نام پر دہشت گردوں کی سرپرستی بند نہیں کرے گی شہر میں امن وامان قائم نہیں ہوسکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔