زرداری کو قادری کی شکل میں ایک اور ساتھی مل گیا، خرم دستگیر

مانیٹرنگ ڈیسک  اتوار 20 جنوری 2013
لانگ مارچ نے ٹیکس چوروں کا راستہ بند کیا، اشتیاق احمد کی ’تکرار‘ میں اسداللہ خان سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

لانگ مارچ نے ٹیکس چوروں کا راستہ بند کیا، اشتیاق احمد کی ’تکرار‘ میں اسداللہ خان سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ طاہرالقادری کے ساتھ معاہد ے کے بعد صدرآصف زرداری مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ ان کو مشاورت کیلئے ایک اور ساتھی مل گیا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں اینکرپرسن اسداللہ خان سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ جس طرح کے الفاظ طاہرالقادری نے حکومت کیخلاف استعمال کیے وہ بہت آخر ی حد تک کے تھے لیکن حکومت نے آئین سے ماورا گروہ کو مشاورت میں شامل کرلیا، اس معاہدے سے آئین کو تقویت نہیں پہنچی، حکومتوں کو بلاشبہ تمام پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ کرناچاہیے، صرف احتجاج کرنیوالوں کے ہی حقوق نہیں ہوتے، احتجاج عوام کا حق ہے لیکن احتجاج کرنیوالوں کا حق یہ نہیں ہے کہ وہ جمہوری اور منتخب حکومت کو الٹی میٹم اور دھمکیاں دیں، انتخابات کو خراب کرنیکی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا، منتخب پارلیمنٹیرینز کو کرپٹ کہنا غیر مناسب ہے اسی پارلیمنٹ سے اچھے لوگ بھی آئے ہیں۔

9

پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہاکہ صدر یا حکومت نے طاہرالقادری کو لانگ مارچ کیلیے دعوت نہیںدی تھی جب پنجاب سے طاہرالقادری آسانی سے اسلام آباد آگئے تو ہم نے بھی ان کو روکنا مناسب نہیں سمجھا اور نہ ہی کوئی رکاوٹ ڈالی، چند لوگوں کی خواہش تھی کہ لال مسجد کا واقعہ پھر سے دہرایا جائے لیکن ایسا نہیں ہوا اور اس بات کا کریڈٹ حکومتی سیکیورٹی انتظامات کو جاتا ہے، اگر وہ ہمارے ساتھ مشاورت میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو ویلکم، ہم نے تو کسی کو بھی نہیں روکا، صدر کو مینڈیٹ آئین اور عوام نے دیا ہے وہ کسی بھی صورت میں استعفیٰ نہیں دیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما احسن رشید نے کہا کہ لانگ مارچ پرامن طور پر ختم ہوگیا یہ سب سے اچھی بات ہے، زرداری اور نوازشریف آپس میں ملے ہوئے ہیں، نوازشریف کی سپورٹ سے ہی موجودہ حکومت نے پانچ سال پورے کئے ہیں، تبدیلی الیکشن کے ذریعے آجائے تو ٹھیک ہے ورنہ خوں ریزی کو کوئی نہیں روک سکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔