پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کا کلبھوشن تک قونصلر رسائی کا مطالبہ مسترد کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 26 اپريل 2017

 اسلام آباد: بھارت کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان میں سزائے موت پانے والے ’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا مطالبہ کیا گیا جسے پاکستان نے مسترد کردیا۔

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا نے اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی جس میں ایک مرتبہ پھر کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کی اجازت مانگی گئی تاہم پاکستان نے ایک مرتبہ پھر دوٹوک الفاظ میں بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ جاسوس کو قونصلر تک رسائی نہیں دی جا سکتی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کلبھوشن تک قونصلر رسائی نہ دے کر کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان عام قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہے جب کہ کلبھوشن پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا اور ’’را‘‘ کے لئے کام کر رہا تھا اور اس نے جاسوسی، دہشت گردی اور تخریب کاروں کی مالی معاونت کا اعتراف بھی کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت متعدد بار کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی درخواست دے چکا ہے لیکن پاکستان نے ہر بار بھارت کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔