سام سنگ گیلکسی 8 بھی مسائل کا شکار

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اپريل 2017
سام سنگ کے فلیگ شپ اسمارٹ فون گیلکسی ایس 8 کے اسکرین کی رنگوں میں شکایت سامنے آرہی ہے، فوٹو؛ فائل

سام سنگ کے فلیگ شپ اسمارٹ فون گیلکسی ایس 8 کے اسکرین کی رنگوں میں شکایت سامنے آرہی ہے، فوٹو؛ فائل

سیئول: سام سنگ نے اپنا نیا فیلگ شپ اسمارٹ فون ’’گیلکسی ایس 8‘‘ اس مہینے جاری کردیا ہے جس کی بیٹری تو دھماکے سے نہیں پھٹتی لیکن وہ ایک اور مسئلے کا شکار ضرور ہے۔

اسے استعمال کرنے والے صارفین نے شکایت کی ہے کہ سام سنگ گیلکسی ایس 8 کے ڈسپلے پر سرخی مائل رنگت زیادہ نمایاں ہے جو تصاویر اور ویڈیوز کی خوبصورتی کا بیڑہ غرق کردیتی ہے۔ اگر موبائل کی سیٹنگز میں جاکر سرخ رنگ سب سے کم کردیا جائے تب بھی ڈسپلے پر سرخ رنگ ویسے کا ویسا نمایاں رہتا ہے۔

البتہ اچھی خبر یہ ہے کہ سام سنگ نے اس مسئلے کا حل ڈھونڈ لیا ہے۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیلکسی ایس 8 کی اسکرین سے غیر ضروری سرخی ختم کرنے کے لیے اس کا رنگوں سے متعلق سافٹ ویئر تبدیل کردیا گیا ہے جو اس ماہ کے اختتام تک ایک اضافی اپ گریڈ کی شکل میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس اپ ڈیٹ کے بعد سام سنگ گیلکسی ایس 8 کے صارفین اس میں رنگوں کی رینج اپنے حساب سے تبدیل کرسکیں گے جب کہ سرخ رنگ کو موجودہ سے بھی کہیں کم سطح تک پہنچا کر تقریباً غائب کرسکیں گے۔

اپنے تازہ بیان میں سام سنگ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی کمپنی اپنے غیر مطمئن صارفین کو خوش کرنے کے لیے یہ تبدیلیاں کررہی ہے لیکن یہ مسئلہ اس نئے اسمارٹ فون (گیلکسی ایس 8) کا ہر گز نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔